تمام سرکاری گاڑیوں کا آڈٹ اور مانیٹرنگ ہوگی، غیر متعلقہ افراد سے گاڑیاں واپس لی جائیں، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (ویب ڈیسک) کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کیلئے حکومت بلوچستان نے غیر متعلقہ افراد کے زیر استعمال سرکاری گاڑیوں کی واپسی کا حکم دیدیا، وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت قومی کفایت شعاری اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سابق گورنرز، وزراءاعلیٰ، سابق وزراء، سابق اراکین اسمبلی، سابق اعلیٰ افسران اور غیر متعلقہ اہلکاروں سے سرکاری گاڑیاں واپس لینے کی ہدایت، خلاف ورزی پر کارروائی کا حکم ، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری گاڑیوں کا آڈٹ ہوگا، ایندھن صرف تصدیق شدہ گاڑیوں کو جاری کیا جائیگا، تمام سرکاری گاڑیوں میں ٹریکرز کی تنصیب، بیرون صوبہ لے جانے پر پابندی، نقل و حرکت کی سخت مانیٹرنگ ہوگی، اندرون شہر سرکاری گاڑیوں کی نقل و حرکت سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹر ہوگی، دفتری اوقات کے بعد سرکاری گاڑیوں کے استعمال پر پابندی، خلاف ورزی پر متعلقہ افسر کے خلاف کارروائی ہوگی، سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے دفتری اوقات کار کے بعد گاڑی کا استعمال صرف مجاز اتھارٹی کی اجازت سے مشروط، اجلاس میں 2005 سے پرانی سرکاری گاڑیوں کی مرحلہ وار نیلامی اور گاڑیوں کی ریشنلائزیشن کی بھی منظوری دی گئی، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اجلاس میں کہا کہ عوامی وسائل کے ضیاع کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،کفایت شعاری اقدامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، سرکاری گاڑیوں کے خلاف ضابطہ اور غیر ضروری استعمال پر بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔


