ریکوڈک مائننگ کمپنی کے تحت چلنے والے اسکولوں سے پرائمری تعلیم مکمل کرنے والے طلبہ کیلئے اسکالرشپ کااعلان
کوئٹہ (اسٹا ف رپورٹر) ریکوڈک مائننگ کمپنی (آر ڈی ایم سی) نے اپنے منصوبے سے ملحقہ علاقوں میں قائم کمپنی کے تعاون سے چلنے والے اسکولوں سے پرائمری تعلیم مکمل کرنے والے 23 طلباءکے لئے اسکالرشپ کا اعلان کیا ہے، جن میں ایک طالبہ بھی شامل ہے۔ ان وظائف کے تحت طلباءکو کوئٹہ کے تعلیمی ادارے میں مزید تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ اسکالرشپ حاصل کرنے والے طلباءکے لئے، آر ڈی ایم سی کے پارٹنر ادارے پروگریسو ایجوکیشن نیٹ ورک (پین) کے نوکنڈی دفتر میں تعارفی اور معلوماتی سیشنز منعقد کیے گئے۔ ان سیشنز میں دوربن چاہ، ہمئے، مشکی چاہ، نوکچاہ اور تنگ کچاو سے منتخب طلباءنے شرکت کی۔ اس موقع پر آر ڈی ایم سی کے کمیونٹی ریلیشنز ڈپارٹمنٹ کے نمائندوں اور پین کی ٹیم نے طلباءکو اسکالر شپ پروگرام اور ان کے تعلیمی سفر کے اگلے مرحلے سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ تعارفی سیشن کے بعد طلباءپروگرام اسٹاف کے ہمراہ کوئٹہ روانہ ہوگئے۔ تعلیم کی بہتری کے لیے آر ڈی ایم سی کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کمیونٹی انویسٹمنٹ لیڈ محمد عیسیٰ طاہر نے کہا کہ کمپنی کے کمیونٹی انویسٹمنٹ پروگرام کے تحت تعلیم کو ہمیشہ اولین ترجیح حاصل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان علاقوں میں جہاں ماضی میں تعلیم تک رسائی محدود تھی، ایسے اقدامات مواقع، خودمختاری اور طویل المدتی ترقی کے مواقع فراہم کررہے ہیں۔ دور دراز دیہات سے معیاری تعلیمی اداروں تک طلباءکا یہ سفر اس بات کا ثبوت ہے کہ تعلیم اب محض ایک خواب نہیں بلکہ ایک قابلِ حصول اور مو¿ثر حقیقت بن چکی ہے۔ اسکول سطح پر اقدامات کے علاوہ آر ڈی ایم سی ضلع چاغی اور پورے بلوچستان کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیمی مواقع بھی فراہم کررہی ہے۔ سکھر آئی بی اے یونیورسٹی کے اشتراک سے اس وقت دس طلباءجیولوجی اور انجینئرنگ کے شعبوں میں اسکالر شپس کے تحت تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ مزید برآں آر ڈی ایم سی نے آئی بی اے کے فاﺅنڈیشن سمسٹر اسکالر شپس کے ذریعے 52 طلبہ کی معاونت کی ہے، جس کا مقصد ان طلباءکو پاکستان کی مایہ ناز جامعات میں داخلے کے لیے تیار کرنا ہے۔ ان اقدامات کا مقصد تعلیمی تسلسل کو یقینی بنانا اور نوجوانوں کو قومی سطح پر مقابلہ کرنے کے لیے ضروری علم اور مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔ اس پرائمری اسکول اسکالرشپ مرحلے کی تکمیل کے ساتھ، آر ڈی ایم سی کا تعلیمی سال 2026کے لیے اسکول اوریونیورسٹی دونوںسطحوں پر جاری تمام اسکالر شپ پروگرام مکمل ہوگئے ہیں جبکہ رواں سال 2026 کے آخر تک اگلے سال 2027 کے لیے اسکول اور یونیورسٹی سطح پر اسکالر شپس کا اعلان متوقع ہے جس کا اعلان آر ڈی ایم سی کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کیا جائے گا۔ تمام اسکالر شپس میرٹ کی بنیاد پر انتخاب، تعلیمی کارکردگی اور دستیاب نشستوں سے مشروط ہوں گی۔


