پرنٹ میڈیا کے بجٹ میں کٹوتی مسترد، حکومت ڈیجیٹل میڈیا کیلئے الگ رقم مختص کرے، بلوچستان ڈیجیٹل پبلشرز فورم
کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان ڈیجیٹل پبلشرز فورم نے بلوچستان حکومت کی مجوزہ ڈیجیٹل میڈیا پالیسی کو ناقص اور غیر مشاورتی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا، اور متنبہ کیا ہے کہ پرنٹ میڈیا کے بجٹ میں کسی قسم کی کٹوتی صوبے کے روایتی پریس کے خاتمے کی طرف ایک قدم کے مترادف ہوگی۔ فورم نے بلوچستان ڈیلی نیوز پیپرز ایڈیٹرز کونسل کے مطالبات کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پرنٹ میڈیا کے لیے پہلے سے مختص فنڈز کو کم کرنے کی بجائے ڈیجیٹل میڈیا کے لیے الگ بجٹ مختص کیا جائے۔ فورم نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر ڈیجیٹل میڈیا پالیسی پر نظر ثانی کرے اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو اس عمل میں شامل کرے۔ مزید زور دیا گیا کہ پالیسی کو وفاقی حکومت، پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور دیگر صوبوں کے فریم ورک سے ہم آہنگ کیا جانا چاہیے، لیکن پرنٹ میڈیا کی قیمت پر اس پر عمل درآمد نہیں ہونا چاہیے۔


