جیونی پولیس نے حبس بے جا میں رکھے مغوی کو بازیاب کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا، مقدمہ درج
جیونی (رپورٹ: جاوید شئے) جیونی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک مغوی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا جبکہ ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق ڈی آئی جی مکران رینج عمران خان قریشی اور ایس پی گوادر عطاالرحمان ترین کی ہدایات پر ڈی ایس پی/ایس ڈی پی او سرکل زاہد حسین کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی جیونی محمد عارف، تفتیشی آفیسر نصر اللہ اور ان کی ٹیم نے کارروائی کی۔ مدعی کی جانب سے درخواست دی گئی تھی کہ ملزم آصف ولد گل محمد نے اس کے بھائی کو پیسوں کے لین دین کے تنازع پر اپنے گھر میں بند کر کے حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے۔ درخواست موصول ہونے پر پولیس نے مقدمہ نمبر 14/2024 بجرم دفعہ 342 درج کر کے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے کاروائی کے دوران مغوی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا جبکہ ملزم کو بند حوالات کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی ذاتی تنازعات کی بنیاد پر غیر قانونی طور پر حبس میں رکھنا جرم ہے، اور ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی تاکہ معاشرے کو جرائم سے پاک بنایا جا سکے۔


