خضدار میں خودساختہ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا، اشیاء خوردونوش کی قیمتیں غریب طبقے کی پہنچ سے باہر ہوگئیں

خضدار (بیورو رپورٹ) خضدار شہر اور گردونواح میں خودساختہ مہنگائی نے عوام کا جینا محال کردیا۔ اشیائے خوردونوش، سبزی، پھل، مرغی، چھوٹے اور بڑے گوشت کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، جس کے باعث یہ بنیادی اشیاءغریب طبقے کی پہنچ سے مکمل باہر ہوچکی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دکاندار من مانے ریٹ وصول کر رہے ہیں اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ ایک کلو ٹماٹر 150، پیاز 150، سیب 500 جبکہ مرغی کا گوشت 700روپے کلو تک جا پہنچا ہے۔ بکرے 2200اور گائے کا گوشت 1300, روپے میں بیچا جارہا ہے تو سفید پوش طبقے کے لیے یہ خواب بن گیا ہے، متاثرہ شہریوں نے بتایا کہ دیہاڑی 1000 روپے ہے اور ایک وقت کا کھانا 1000 کا پڑتا ہے بچوں کو دو وقت کی روٹی کیسے کھلائیں، ان کا کہنا ہے کہ فاقوں کی نوبت آ گئی ہے مگر حکام خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہیں، حیران کن طور پر ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی مکمل طور پر غائب ہے، نہ نرخ نامے آویزاں ہیں، نہ چھاپے مارے جا رہے ہیں، دکاندار کھلے عام منافع خوری اور عوام لٹنے پر مجبور ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر خضدار اور حکام بالا سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں