پنجگور کے سالار بلوچ نے سی ایس ایس امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کرکے صدارتی ایوارڈ حاصل کرلیا
کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان کے علاقے پنجگور کے رہائشی سالار بلوچ نے سی ایس ایس امتحانات میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔ سالار بلوچ نے 53 ویں کامن CSA ٹریننگ (CTP) میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے اور اپنی شاندار کارکردگی پر صدارتی ایوارڈ حاصل کیا ہے۔ ان کا یہ کارنامہ ان کے خاندان اور پورے بلوچستان کے لیے قابل فخر۔ پنجگور کے سپوت سالار بلوچ (فرزند شاہد بلوچ) نے سول سروسز اکیڈمی لاہور کے 53 ویں کامن ٹریننگ پروگرام (CTP) کورس میں مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی بلکہ اپنی غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں صدارتی اعزاز (Presidential Award) بھی اپنے نام کیا۔ عوامی حلقوں کی جانب سے اس اہم کامیابی پر انتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے رائے دی گئی کہ یہ کامیابی محض ایک فرد کی جیت نہیں، بلکہ اس پختہ عزم کی فتح ہے جو وسائل کی کمی کو کبھی اپنی اڑان میں رکاوٹ نہیں بننے دیتا۔ سالار بلوچ کا یہ سفر اس حقیقت کا گواہ ہے کہ جب محنت دیوانگی کی حد چھو لے اور ارادے چٹان کی طرح مضبوط ہوں، تو پنجگور جیسے دور افتادہ علاقوں سے اٹھنے والے نوجوان بھی قومی سطح پر اپنی قابلیت کا لوہا منوا سکتے ہیں۔ سالار بلوچ کی یہ درخشندہ کامیابی بلوچستان کے ہر اس نوجوان کے لیے ایک روشن پیغام ہے جو اپنی آنکھوں میں بڑے خواب سجا کر نامساعد حالات سے نبرد آزما ہے۔ ہم سالار بلوچ اور ان کے باوقار خاندان کو اس تاریخی سنگ میل پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔


