دالبندین، آبادکاروں کے ڈیرے پر دستی بم حملہ، تعمیراتی شعبے سے وابستہ 5افراد زخمی ہوگئے، ڈی ایس پی چاغی
چاغی (آن لائن ) دالبندین کے علاقے کلی باز محمد میں نامعلوم افراد کی جانب سے آبادکاروں کے ڈیرے پر دستی بم حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔پولیس کے مطابق حملے کے فورا بعد زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے افراد کا تعلق کنسٹرکشن کے شعبے سے ہے اور وہ علاقے میں تعمیراتی کام میں مصروف تھے۔ ڈی ایس پی چاغی کا کہنا ہے کہ نامعلوم حملہ آوروں نے آبادکاروں کے ڈیرے کو نشانہ بنایا اور دستی بم پھینک کر فرار ہو گئے۔ ان کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے.
Load/Hide Comments


