محکمہ تعلیم اور ریکوڈک مائننگ کمپنی کے تحت نوکنڈی میں دانش اسکول کے قیام پر پیش رفت، منصوبے کی جلد تکمیل پر اتفاق

نوکنڈی (نامہ نگار)اسسٹنٹ کمشنر تفتان نعیم قاسم شاہوانی نے کہا ہے کہ نوکنڈی سمیت ضلع چاغی کے طلبہ کیلئے معیاری تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں، اور دانش اسکول کے قیام سے علاقے کے بچوں کو ایک جدید اور معیاری تعلیمی ادارہ میسر آئے گا، جس سے تعلیمی معیار میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ دنوں سی آر آفس نوکنڈی میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران کیا، جس میں ایجوکیشن افسران اور آر ڈی ایم سی کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اجلاس میں نوکنڈی میں دانش اسکول کے جلد قیام سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور اس منصوبے کو تیزی سے عملی شکل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس سلسلے میں سی ڈی سی نوکنڈی کی تجاویز کے مطابق موجودہ دو سیکنڈری ہائی اسکولز (ایک بوائز اور ایک گرلز) کو ایک بین الاقوامی این جی او، ریڈ فاﺅنڈیشن، کے زیرِ نگرانی چلانے کی تجویز پیش کی گئی۔ علاوہ ازیں نوکنڈی کے دیگر چار ہائی اسکولز کے انفراسٹرکچر اور سہولیات میں بہتری کیلئے بھی سفارشات شامل کی گئیں۔ اجلاس میں کمیونٹی انویسٹمنٹ لیڈ، عیسیٰ طاہر، محبوب سنجرانی، ذوالفقار شیرزئی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد یوسف ابڑو، ڈپٹی ایجوکیشن آفیسران عصمت اللہ شاہ اور حاجی دین محمد سمیت دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے، جبکہ دانش اسکول کے اعلیٰ حکام نے بذریعہ زوم اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ نوکنڈی میں دانش اسکول کے قیام سے نہ صرف تعلیمی سہولیات میں اضافہ ہوگا بلکہ علاقے کے باصلاحیت طلبہ کو جدید اور معیاری تعلیم کے مزید مواقع میسر آئیں گے، جو علاقے کی مجموعی تعلیمی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں