گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر و دیگر کی گمشدگی کے خلاف صوبہ بھر کی جامعات میں بلیک ڈے اور احتجاجی واک کا انعقاد

تربت(این این آئی) گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر سید منظور احمد، لیکچرر ڈاکٹر ارشاد بلیدی اور ڈرائیور حاتم کی گمشدگی کے خلاف صوبے بھر کی جامعات کی طرح یونیورسٹی آف تربت میں بھی بلیک ڈے منایا گیا اور احتجاجی واک کا انعقاد کیا گیا، جس میں یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور انتظامی عملے نے شرکت کی۔واک کے شرکاء نے مطالبہ کیا کہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر اور ان کے ساتھیوں کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بحفاظت اور باعزت رہا کیا جائے۔ شرکاء نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل کی کہ ان کی جلد اور بحفاظت بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔شرکاء کا کہنا تھا کہ اساتذہ کرام کی گمشدگی کے باعث ان کے اہل خانہ، یونیورسٹی اساتذہ، طلبہ اور معاشرے میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔واک کے شرکاء کا کہنا تھا کہ اساتذہ کے خلاف رونما ہونے والے افسوسناک واقعات کے باعث بلوچستان کے تعلیمی سرگرمیوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔واک کے شرکاء نے بلوچستان میں اعلی تعلیم کے فروغ کے لیے پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، ڈاکٹر سید منظور احمد اور لیکچرر ڈاکٹر ارشاد بلیدی کی خدمات کو ناقابل فراموش قرار دیا۔واک کے اختتام پر شرکاء نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایک بار پھر پرزور اپیل کی کہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر، پرو وائس چانسلر ڈاکٹرسید منظور احمد، لیکچر ڈاکٹر ارشاد بلیدی اور ڈرائیور حاتم کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری طور پر بحفاظت رہا کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں