مائنز اینڈ منرلز ایکٹ دوبارہ بلوچستان اسمبلی میں پیش ہوگا، حکومت نے اپوزیشن سے تجاویز طلب کر لیں، نیشنل پارٹی
کوئٹہ(یو این اے )نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان نے اپنے جاری کردہ ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کو دوبارہ صوبائی اسمبلی میں ٹیبل کیا جائے گا۔ حکومت نے اپوزیشن جماعتوں سے اس بل کے حوالے سے باضابطہ اور تحریری تجاویز طلب کی ہیں، جس پر نیشنل پارٹی نے دیگر تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر متفقہ سفارشات مرتب کر کے حکومت کو فراہم کر دی ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ نیشنل پارٹی ایک مکمل سیاسی و جمہوری جماعت ہے اور بامقصد مکالمے کو ہمیشہ جمہوری عمل کا بنیادی حصہ سمجھتی ہے۔ پارٹی نے گزشتہ بل کے خلاف عدالت عالیہ میں باقاعدہ پیٹیشن دائر کی تھی، جس پر حکومت نے رجوع کرتے ہوئے بل کو دوبارہ اسمبل میں لانے کے ساتھ ساتھ اپوزیشن سے تعمیری تجاویز پیش کرنے کی باضابطہ درخواست کی۔بیان میں مزید کہا گیا کہ نیشنل پارٹی نے اپنی عدالتی پیٹیشن محض مشروط طور پر واپس لی ہے۔ اگر حکومت نے اپوزیشن کی جانب سے دی گئی سفارشات پر من و عن عمل نہ کیا اور بلوچستان کے غیور عوام کے حقوق و مفادات کا تحفظ یقینی نہ بنایا گیا، تو نیشنل پارٹی صوبے کے مفاد میں دوبارہ عدالت سے رجوع کرنے کا پورا حق محفوظ رکھتی ہے۔ بیان میں یہ نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ بل میں ترمیم و تبدیلی کی صورت میں سابقہ بل کی عدالتی حیثیت خودبخود ختم ہو جائے گی، اس لیے اب یہ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے کہ وہ اپوزیشن کی دی گئی تمام سفارشات کو نئے بل کا لازمی حصہ بنائے۔ ترجمان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ مائنز اینڈ منرلز بل کے حساس معاملے پر کسی بھی قسم کے غلط اور بے بنیاد پروپیگنڈے سے مکمل اجتناب کیا جائے، کیونکہ یہی وقت کی اہم ضرورت، سیاسی سنجیدگی اور ذمہ داری کی اصل علامت ہے۔


