میرانی ڈیم سے بل نگور تک سڑک منصوبے میں مبینہ کرپشن، ناقص مٹیریل کے استعمال کا نوٹس لیا جائے، علاقہ مکینوں کا مطالبہ

کوئٹہ (ویب ڈیسک) میرانی ڈیم سے بل نگور تک زیر تعمیر سڑک منصوبے میں مبینہ کرپشن اور ناقص مٹیریل کے استعمال کے خلاف اہلیانِ دشت و بل نگور نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ اہلیانِ علاقہ کی جانب سے جاری مشترکہ عوامی بیان میں کہا گیا ہے کہ میرانی ڈیم سے بل نگور تک سڑک کی تعمیر کا منصوبہ علاقے کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، تاہم منصوبے پر ابتدائی مرحلے میں ہی غیر معیاری کام کیے جانے کے الزامات سامنے آرہے ہیں۔ علاقہ مکینوں کے مطابق منصوبے کی ایڈوانس ادائیگی ٹھیکیدار کو کی جاچکی ہے، لیکن تعمیراتی کام میں ناقص مٹیریل استعمال ہونے کی اطلاعات ہیں، جس سے سڑک کی پائیداری اور معیار پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ سابق ایکسین کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی کے باعث تعمیراتی عمل میں شفافیت کو نظر انداز کیا جارہا ہے، جو عوامی فنڈز کے ضیاع کے مترادف ہے۔ اہلیانِ دشت و بل نگور نے آئی جی ایف سی ساﺅتھ بلوچستان، وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، کمشنر مکران اور ڈپٹی کمشنر کیچ سمیت دیگر متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کے معیار کی فوری اور غیر جانبدارانہ انکوائری کروائی جائے اور اگر کرپشن یا غفلت ثابت ہو تو ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ علاقہ مکینوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ اور علاقے کے اس اہم منصوبے کو کرپشن سے بچانے کیلئے آواز بلند کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں