جعفر ایکسپریس پر خودکش دھماکے کے بعد ایمان پاکستان حق میلہ اور بلوچستان ہنٹس کی اختتامی تقریب منسوخ کی گئی، فرح عظیم شاہ
کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان عوامی پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی فرح عظیم شاہ نے کہا ہے کہ جعفر ایکسپریس پر ہونے والے خودکش دھماکے میں بے گناہ انسانوں کی شہادت کے سوگ میں ایمان پاکستان حق میلہ اور بلوچستان ہنٹس کی اختتامی تقریب منسوخ کی گئی،،یہ بات انہوں نے پیر کو صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے خودکش دھماکے کو انسانیت کے خلاف سنگین جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ معصوم لوگوں پر حملے بزدلانہ کارروائیاں ہیں، بے گناہ شہریوں کا خون بہانے والے دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دلخراش سانحہ کے بعد ایمان پاکستان حق میلہ اور بلوچستان ہنٹس کی اختتامی تقریب منسوخ کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ کوئٹہ کے نوری نصیر خان کمپلیکس میں ہونے والے ایمان پاکستان حق میلہ اور بلوچستان ہنٹس میں صوبہ بھر سے سینکڑوں خواتین اور مردوں نے حصہ لیا، تین سو نوجوانوں نے گانوں کے آڈیشن میں حصہ لیا جس میں لڑکیوں کی بھی بڑی تعداد شامل تھی تربت،گوادر اور مند سے 70کے قریب نوجوانوں نے حصہ لیا جن میں لڑکیاں بھی شامل تھیں اتنی بڑی تعداد میں نوجوانوں کا حصہ لینا حکومت پراعتماد کا مظہر ہے کامیاب نوجوانوں کو نقد انعامات بھی دئیے گئے، 23مئی کو خواتین میلے کا انعقاد کیاگیاجس میں مختلف اسٹائلز لگائے گئے خواتین نے اپنی دستکاری جیولری کپڑوں سمیت کھانے پینے کے اسٹال لگائے 24مئی کوفیملی میلے کا انعقاد ہوناتھا، ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ معرکہ حق میں کامیابی کی خوشی میں بلوچستان ہنٹس کا انعقاد کیاگیا تھااگلے سال دوباہ بلوچستان ہنٹس کا انعقاد کریں گے۔


