مسلمانوں کو ہر مصیبت میں صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، جن قوموں نے ظلم کیا اور ناشکری کی ان سے نعمتیں چھین لی گئیں، خطبہ حج
مکہ مکرمہ (مانیٹرنگ ڈیسک) میدانِ عرفات میں حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے موقع پر لاکھوں حجاج کرام نے خطبہ حج سنا، خطبہ حج میں مسلم دنیا کے مسائل کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ خطبہ حج کے بعد مسجد نمرہ میں نماز ظہر اور عصر ایک ساتھ ادا کی گئی۔ مسجد نبوی کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر علی الحذیفی نے خطبہ حج کی سعادت حاصل کرتے ہوئے کہا ہے کہ تقویٰ اختیار کرنا ایمان والوں کی شان ہے، اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور تقویٰ اختیار کرو، اپنے عہد کی پاسداری کرو۔ ڈاکٹر شیخ علی الحذیفی نے خطبہ حج دیا کہ کسی کو اللہ تعالیٰ کا شریک نہ ٹھہرایا جائے، رب کے سوا کسی غیر کی عبادت مت کرنا، توحید پر عملدرآمد اہل ایمان کا خاصا ہے، ایمان والوں کے سامنے اللہ کی آیات پیش کی جائیں تو ان کے دل نرم پڑ جاتے ہیں۔ خطبہ میں کہا گیا کہ نبی اکرم اللہ کے آخری رسول ہیں، نبی اکرم خاتم النبین ہیں، مسلمانوں کو ہر مصیبت میں صبر کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، صبر کرنے والوں کیلئے اللہ تعالیٰ نے اجر عظیم کا وعدہ کیا ہے، اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرتے ہوئے ان سے فائدہ اٹھائیں، جن قوموں نے ظلم کیا اور ناشکری کی ان سے نعمتیں چھین لی گئیں۔


