میزئی آڈہ میں 5 افراد کا قتل انتہائی افسوسناک، لواحقین کو ہر صورت انصاف ملے گا،وزیر داخلہ ضیا لانگو
قلعہ عبداللہ(یو این اے)وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو کی قیادت میں ایک حکومتی وفد نے ضلع قلعہ عبداللہ کے علاقے میزئی آڈہ کا دورہ کیا اور حالیہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے پانچ افراد کے لواحقین اور اہل علاقہ سے ملاقات کی۔ وفد میں صوبائی وزیر میر علی مدد جتک، رکن بلوچستان اسمبلی میر جہانزیب، سردارزادہ علاوالدین لونی، غلام ربانی کاکڑ اور حمیداللہ کاکڑ بھی شامل تھے۔حکومتی وفد نے شہدا کے اہل خانہ سے تعزیت کی، فاتحہ خوانی کی اور متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا نے شہدا کے بچوں کو گلے لگا کر ان سے شفقت کا اظہار بھی کیا۔دورے کے دوران ضلعی انتظامیہ اور ڈی پی او عطر رشید نے وفد کو واقعے کی تحقیقات اور اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے واقعے میں ملوث عناصر کی گرفتاری اور تفتیشی اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ میزئی آڈہ میں پانچ افراد کا قتل انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں اور اہل علاقہ کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی اور لواحقین کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ واقعے میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کو یقینی بنایا جائے اور ضلع قلعہ عبداللہ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔اس موقع پر صوبائی وزیر میر علی مدد جتک نے کہا کہ حکومت ہمیشہ مظلوم کے ساتھ اور ظالم کے خلاف کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی وفد کی آمد کا مقصد متاثرہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنا اور ان کے غم میں شریک ہونا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ لواحقین اور اہل علاقہ کے تمام جائز مطالبات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔دورے کے اختتام پر اہل علاقہ اور لواحقین نے مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑے ہونے پر حکومتی وفد کا شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ حکومت واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لا کر انصاف فراہم کرے گی۔


