پشین میں ترقیاتی منصوبے کے کیمپ پر مسلح افراد کاحملہ، مشینری نذر آتش، دو مزدور اغوا

کوئٹہ (آن لائن) ضلع پشین میں ترقیاتی منصوبے کے کیمپ پر مسلح افراد کے حملے میں بھاری مشینری نذر آتش کر دی گئی ، محلہ آور دو مزدوروں کو اغوا کر کے ہمراہ لے گئے۔پولیس حکام کے مطابق پشین کی تحصیل کاریزات کے علاقے سپیرہ راغہ روڈ پر امیر خان سخوبی کے مقام پر قائم ایک ترقیاتی منصوبے کے کیمپ پر گزشتہ رات نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کر دیا۔ حملہ آور ایک گاڑی اور دو موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر پہنچے۔ پولیس کے مطابق مسلح افراد نے کیمپ میں موجود سامان اور بھاری مشینری کو آگ لگا دی، جس کے نتیجے میں ایکسکیویٹر سمیت متعدد قیمتی مشینیں اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ واقعے کے باعث کیمپ کو بڑے پیمانے پر مالی نقصان پہنچا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ حملہ آور دو مزدوروں کو مبینہ طور پر اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے اور کارروائی کے بعد فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ حملہ آوروں اور مغوی مزدوروں کی تلاش جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں