سندھ کے علاقے مٹیاری میں مال گاڑی کی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں، کراچی سے پنجاب ٹرینوں کی آمدو رفت مکمل طور پر معطل، ریلوے انتظامیہ

کراچی (ویب ڈیسک) سندھ میں مٹیاری اور ٹنڈو آدم کے نزدیک واقع وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن پر ایک بڑا حادثہ پیش آیا ہے، جہاں ایک مال گاڑی کی 17 سے زائد بوگیاں پٹڑی سے اتر کر الٹ گئیں۔ اس حادثے کے نتیجے میں اپ اور ڈاو¿ن دونوں ریلوے ٹریکس کو شدید نقصان پہنچا ہے، جس کے باعث کراچی سے پنجاب آنے اور جانے والی تمام ٹرینوں کی آمد و رفت مکمل طور پر معطل ہو گئی ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے انتظامیہ نے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی شروع کر دی اور مختلف سمتوں سے آنے والی مسافر ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنز پر روک دیا گیا۔ اس حادثے کے بعد انتظامیہ نے مسافروں کی حفاظت اور ٹریک کی مرمت کے لیے ہنگامی اقدامات کیے۔ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پر پہنچنے والی قراقرم ایکسپریس کو خالی کرا کر مسافروں کو نیچے اتار لیا گیا، جبکہ علامہ اقبال ایکسپریس کو کوٹری، پاکستان ایکسپریس کو لانڈھی، تیزگام ایکسپریس کو ڈرگ روڈ اور ملت و فرید ایکسپریس کو کراچی کینٹ اسٹیشن پر روک لیا گیا۔ ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹریکس کو پہنچنے والے شدید نقصان کی وجہ سے ریلوے آپریشن اگلے 24 گھنٹوں تک معطل رہنے کا امکان ہے، اور اسی بنیاد پر کل تک کے لیے تمام متعلقہ ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ حادثے کی تفصیلات اور بحالی کے کاموں کے حوالے سے ڈی ایس ریلوے سکھر فرمان غنی نے بتایا کہ حادثے کے بعد تمام ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روک دیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں