ملتان سے بیرون ملک غیر قانونی راستے سے یورپ جانے والی خاتون پکڑ لی گئی

ملتان(نیوز ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ادارے( ایف آئی اے) کے امیگریشن سرکل نے ملتان ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے خاتون مسافر کی غیر قانونی راستے سے یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی۔سائرہ ناہید نامی خاتون وزٹ ویزے پر فلائٹ نمبر FZ340 کے ذریعے ترکیہ جا رہی تھی، خاتون مسافر کو امیگریشن کلیئرنس کے دوران مشکوک پایا گیا۔ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر نے ترکیہ سے غیر قانونی طور پر اٹلی جانا تھا، مسافر فیصل آباد کے رہائشی ایجنٹ سے رابطے میں تھی۔ایجنٹ نے خاتون مسافر کو اٹلی بھجوانے کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورے، ایجنٹ نے خاتون مسافر سے 10 لاکھ روپے بطور ایڈوانس ہتھیائے اور خاتون نے بقیہ رقم اٹلی پہنچ کر ادا کرنا تھی۔خاتون مسافر کو ترکیہ پہنچ کر گینگ کے دیگر کارندوں نے ریسیو کرنا تھا اور بعد ازاں غیر قانونی طریقے سے بارڈر پار کروا کر اسے اٹلی بھجوانا تھا۔خاتون مسافر کو آف لوڈ کر کے مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل ملتان کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ مذکورہ ایجنٹ اور اس کے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کے لیے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں