عوامی مسائل کے حل اور علاقے میں سہولیات کی بہتری کے لیے متعلقہ اداروں اور حکام سے مسلسل رابطہ رکھا جائےگا،جمال رئیسانی

کوئٹہ (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و رکن صوبائی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور علاقے میں سہولیات کی بہتری کے لیے متعلقہ اداروں اور حکام سے مسلسل رابطہ رکھا جائے گا۔تعلیم اور صحت کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہیں، اس لیے ان شعبوں میں بہتری اور عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سراوان ہا¶س کوئٹہ میں این اے 264 سریاب کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے معززین اور وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ملاقات میں حلقے کی مجموعی صورتحال، عوام کو درپیش مسائل اور بنیادی سہولیات کی فراہمی سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر تعلیم اور صحت کے شعبوں کو خصوصی اہمیت دیتے ہوئے تعلیمی اداروں کی ضروریات، طلبہ کو درپیش مشکلات، بنیادی مراکزِ صحت اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور بھی زیرِ غور آئے۔نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے وفود کی جانب سے پیش کیے گئے مسائل اور تجاویز کو توجہ سے سنا اور کہا کہ این اے 264 سریاب کے عوام کی بنیادی ضروریات، بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کے لیے ہر ممکن کردار ادا کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں