کمسن بچی کو اغواء کرنے والا ملزم پیشہ ور اغواکار نکلا
کوئٹہ:ایڈیشنل آئی جی پولیس رزاق چیمہ نے کہا ہے کہ 9 روز قبل کوئٹہ کے علاقے ریلوے کالونی سے اغوا ہونے والی آٹھ سالہ بچی لاریب کو بازیاب کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا سزا یافتہ ملزم اسی نوعیت کے کیس میں دس سال کی قید بھگت چکا ہے۔یہ بات انہوں نے منگل کواپنے دفترمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ایڈیشنل آئی جی پولیس رزاق چیمہ نے بتایا کہ 24 اگست کو لاریب نامی بچی کو نامعلوم سائیکل سوار گھر کے قریب سے اٹھا کر لے گیا تھا مقدمہ درج کرکے سائنٹفک طریقے سے انوسٹی گیشن کی گئی تو ابتدائی تفتیش کے بعد معلوم ہوا کہ گلی میں سائیکل پر آنے والا جوتے پالش کرنے والا شخص بچی کو اغوا کرکے لے گیا ہے معلومات کرتے کرتے ہم اس شخص کے گھر تک پہنچے اور ملزم گل زمان کے بیٹے سے موبائل نمبر حاصل کیا ملزم کو کوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی کے قریب سے حراست میں لیا گیا جس نے مغوی بچی کو ایک دوسرے مقام پر چھپا رکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ ملزم 2015 میں بھی اسی نوعیت کے کیس میں گرفتار رہا اور دس سال قید کی سزا بھگت چکا ہے پولیس اس معاملے کی مزید تفتیش بھی کررہی ہے کہ ملزم نے یہ وادات تنہا کی ہے یا اسکے مزید ساتھی بھی ملوث ہیں۔


