ہوٹل روز ویلٹ کی مالی ضروریات کیلئے 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی منظوری
اسلام آبادۛ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ا ی سی سی ) نے ہوٹل روز ویلٹ کی مالی ضروریات کیلئے 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی منظوری دیدی جبکہ کے الیکٹرک صارفین کیلئے گیارہ سہ ماہیوں کے ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی منظوری بھی دیدی گئی ہے ،سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر فیصلے کا اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا۔مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی اجلاس کے جاری اعلامیہ میں کہا گیاہے کہ پی آئی اے کے ملکیتی ہوٹل روز ویلٹ کی مالی ضروریات کیلئے 14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر رقم کی منظوری ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کی سربراہی میں قائم جائزہ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں دی گئی۔یہ رقم قرضے، سود اور واجبات کی ادائیگی کیلئے فراہم کی گئی ہے۔ اعلامیہ کے مطابق ای سی سی میں کے الیکٹرک صارفین کیلئے جولائی 2016ئ سے مارچ 2019ئ کے سہہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر بھی غور کیا گیا ۔ کمیٹی نے کے الیکٹرک صارفین کیلئے گیارہ سہ ماہیوں کے ٹیرف ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دیدی ۔سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ پر فیصلے کا اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا۔سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اکتوبر کے بجلی بل میں شامل ہوں گی۔اس فیصلے سے کے الیکٹرک کے ٹیرف دیگر ڈسکوز کے مساوی ہوجائیں گے۔


