عوام سلیکٹڈ حکومت سے بیزار آچکی ہے،علی مدد جتک
کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی غریب اور متوسط طبقے کی جماعت ہے جبکہ موجودہ حکومت صرف مافیاؤں کو نوازنے کے لئے بر سراقتدار آئی ہے بلوچستان سمیت ملک بھر میں عوامی مسائل حل نہ ہونا باعث تشویش ہے ملک کو بحرانوں کی دلدل میں پھنسا کر حکمران بھنگ کی کاشت کرنے میں مصروف ہیں۔یہ بات انہوں نے پیر کو ملاقات کرنے والے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب دوست اقدامات کرکے ملک کے متوسط،غریب اور مزدور طبقے کو ریلیف فراہم کیا یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی کو غریبوں کی جماعت بھی کہا جاتاہے کہ کیونکہ ہم نے ہمیشہ بلا تفریق عوامی مفادمیں فیصلے کئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بلوچستان میں ریکارڈ ترقیاتی فنڈز جاری کرکے یہاں کی پسماندگی کو دورکرنے کی بنیاد رکھی لیکن موجودہ وفاقی حکومت نے بلوچستان کی ترقی کو صرف اخباری بیانات تک محدود کر رکھا ہے صوبے میں غربت کی سطح دن بدن بڑھ رہی ہے آج بلوچستان میں لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں لیکن اسلام آباد میں بیٹھے حکمران سب اچھا ہے کہ دعوے کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت صرف اور صرف اشرافیہ اور حکومت میں بیٹھی مافیا کو نوازنے کے لئے بنی ہے جبکہ عوام کو مہنگائی، بے روزگاری، غربت، افلاس و بھوک کے تحفے دیئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ عوام اس سلیکٹڈ حکومت سے بیزار آچکی ہے وہ دن دور نہیں جب اس حکومت کو عوام ایوان سے نکال باہر کریں گے اور پیپلز پارٹی ایک بار پھر عوام کی طاقت سے ایوانوں میں آکر عوامی مسائل کو حل کریگی۔


