کوئٹہ، ٹریفک کی بہتری کے لیے متعلقہ حکام عدالت طلب
کوئٹہ: بلوچستان ہائیکورٹ نے صوبائی دارالحکومت میں ٹریفک کی بہتری کیلئے متعلقہ حکام کو 22ستمبر کو طلب کر لیا ۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بلوچستان ہائیکورٹ کے جسٹس کامران خان ملا خیل اور جسٹس عبداللہ بلوچ پر مشتمل دو رکنی بنچ نے جناح زرغون لنک رو ڈ کی بندش سے متعلق سید نذیر آغا ایڈووکیٹ کی آئینی درخواست پر سماعت کی اس موقع پر ٹریفک پولیس کے نمائندے محمد انور نے بتایا کہ بے ہنگم ٹریفک اور رش کی وجہ سے جناح زرغون لنک روڈ (شہید طارق زہری روڈ) کو بند کیا گیا انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ اگر لنک روڈ کو ون وے قرار دیکر زرغون روڈ سے ٹریفک کے داخلے کی اجازت دی جائے تو ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکتی ہے جو عدالت نے قبول کی اور احکامات جاری کئے کہ روڈ کو کسی صورت بند نہ کیا جائے عدالت عالیہ نے شہر میں ٹریفک کی بہتری کیلئے آئندہ سماعت پر سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو ‘ ایڈ منسٹریٹر کوئٹہ ‘این ایچ اے اور ریلوے حکام کو بھی طلب کر لیا۔


