کورونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تیا ر ہیں، عثمان بزدار
لاہور، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے خطرے سے آگاہ ہیں، نمٹنے کیلئے انتظامی تیاریاں مکمل ہیں۔ وفاقی حکومت کے ساتھ کورونا وائرس کے معاملے پر مکمل ہم آہنگی ہے۔خوف و ہراس پیدا کرنے والے فیصلے نہیں کریں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے قائم کابینہ کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے مطابق کوروناوائرس کے معاشی اثرات کا جائزہ لینے کے لئے وزیرخزانہ کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی جبکہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں سول سوسائٹی کے ارکان پر مشتمل کمیٹیاں بنائی جائیں گی جو کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے مقامی سطح پر اقدامات کرسکیں گی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس میں ماسک، حفاظتی کٹس اور سینی ٹائزرکی مقامی سطح پر تیاری کا جائزہ لینے کی ہدایت کی -اجلاس میں بتایا گیا کہ این ڈی ایم اے پنجاب کوایک ہفتے میں 10ہزار حفاظتی ملبوسات فراہم کرے گی-ایک ہزار حفاظتی کٹس پہنچ گئی، 5ہزار مزید کٹس جلد پہنچا دی جائیں گی- انہوں نے کہاکہ ہسپتالو ں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت کے لئے تمام تر اقدامات کریں گے-ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کو حفاظتی کٹس اور ماسک وغیرہ بھی فراہم کئے جا رہے ہیں -کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے دستیاب وسائل کو منطقی انداز میں استعمال کیاجائے-فیس ماسک کی صحت مند آدمی کو ضرورت نہیں،طبی عملے کو فیس ماسک اور دیگر ضروریات کی فراہمی یقینی بنائیں گے -انہوں نے کہاکہ ماسک وغیرہ کی ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا