ڈومیسائل سرٹیفکیٹ پر ہمارے بیروزگار جوانوں کے حق کو مارا گیا،نصراللہ زیرے

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ورکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے، نعیم خان اچکزئی ودیگر نے تختانی بائی پاس کلی داؤد ٹاؤن میں منعقدہ اولسی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوامیپ کی بنیاد خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے رکھی اور اس کی جدوجہد کو آج تقریباً90سال ہونیوالے ہیں، پشتونخوامیپ کسی قوم یا قبیلے کے خلاف نہیں بلکہ انگریز استعمار کے خلاف بنی اور پارٹی کے اکابرین کی جدوجہد وقربانیوں کے نتیجہ میں انگریز استعمار کو یہاں سے جانا پڑا، ملک کے بننے کے بعد سے لیکرآج تک محکوم قوموں کو ان کا حق نہیں دیاگیا اور اب بھی نہیں دیا جارہا پشتون، بلوچ، سندھی، سرائیکی اقوام پر ترقی کے دروازے بند کرنے کی سازشیں اب بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈومیسائل سرٹیفکیٹ پر ہمارے صوبوں کے تمام بیروزگار جوانوں کو حق مارا گیا جس انداز سے ہمارے جوانوں کی حق تلفی کی گئی ہے وہ قابل مذمت اور قابل گرفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے حلقوں کیلئے محض 16کروڑ رکھنا اور وزیر اعلیٰ کے حلقے کیلئے ایک ہزار کروڑ روپے رکھنا اس سلیکٹڈ حکومت کی انصافی ہے۔ محض 16کروڑ میں پی بی 31کے مسائل پانی، سڑکیں، بجلی، گیس، سکول، ہسپتال ودیگر کی تعمیر اور مسائل حل کرنا کس قدر ممکن ہے۔ سلیکٹڈ حکومت نے ہمارے حلقے پر ترقی کے دروازے بند کردیئے ہیں۔ جبکہ اپنے مند پسند افراد کو کرپشن وکمیشن کیلئے اسکیمات سے نوازا جارہا ہے اور حلقے کے عوام میں بدگمانی افرا تفری کی سازشیں کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پشتونخوامیپ نے اپنے دور حکومت میں سابقہ حلقے پی بی 5میں جو ترقیاتی کام ہوئے اس کی گواہی اس حلقے کے عوام دے رہے ہیں، ہر شعبہ زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھائی اور آج انہی اسکیمات سے وہاں کے عوام استفادہ حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ صوبائی حکومت کی نا اہلی اور ناکامی کے باعث آج تمام عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ان کی نااہلی کو اب مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا اور عوام کو اپنے اتحاد واتفاق کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان سے نجات حاصل کرنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں