ریڈیو اسٹیشن ٹو بائی پاس سڑک کی تعمیر، اراضی کے لیے فی فٹ نرخ کپڑے سے بھی کم مقرر
کوئٹہ:شاہوانی قبائل کے رہنماﺅں نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ حکومت شاہوانی ایونیو روڈ ( ریڈیو اسٹیشن ٹو بائی پاس ) کا موجودہ مارکیٹ ریٹ معاوضہ دیا جائے بصورت دیگر وہ سڑک کے تعمیراتی کام کوکرنے نہیں دیا جائےگا ۔ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک عادل شاہوانی ، ملک رفیق شاہوانی ، حاجی حیدرشاہوانی ودیگر نے کہاکہ شاہوانی ریونیو ( ریڈیو اسٹیشن ٹو بائی پاس ) روڈ کا معاوضہ حکومت کی جانب سے فی فٹ ایک سو 26روپے مقرر کیا گیا ہے اس قیمت پر کپڑے کا ایک میٹر بھی آج دستیاب نہیں ، اس ریٹ کو وہ کسی صورت بھی قبول نہیں کریں گے کیونکہ مذکورہ اراضی کی فی فٹ اس وقت 2ہزار سے 15سو اور کمرشل ایریا کا فی فٹ 5ہزار روپے ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سڑک اور ترقیاتی کاموں کے خلاف نہیں بلکہ اپنی اراضی کا مناسب معاوضہ چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ زمین پر صدیوں سے باغات لگائے گئے ہیں اور ذریعہ معاش ہی ان کا ذریعہ معاش ہے ، سڑک کے لئے ایک درخت کے کاٹنے کے 2سو روپے معاوضہ دینے کا بھی کہا جارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 20سال قبل حکومت کی جانب سے باغات میں ترقیاتی منصوبے کے باعث کاٹے جانے والے درختوں کے بدلے فی درخت 5ہزار روپے معاوضہ دیا اب بھی زمینداروں کو مناسب رقم کی ادائیگی یقینی بنائی جائے ۔