حکمرانوں کا زوال 11اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسہ عام سے شروع ہوگا،علی مدد جتک
کوئٹہ:کستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی الزام تراشیوں اور انتقام کی سیاست کے باوجود پاکستان کے غیور عوام پیپلزپارٹی کی پشت پر ہیں تبدیلی سرکار نے عوام کوریلیف دینے کی بجائے اُن پر مہنگائی کا طوفان مسلط کردیا ہے،وطن عزیز میں غربت، بیروزگاری اور لاقانونیت عروج پر ہے،سلیکٹڈ حکمرانوں کا زوال 11اکتوبر کو کوئٹہ میں جلسہ عام سے شروع ہوگا،ژوب ڈویژن میں پاکستان پیپلز پارٹی کو یونین کونسل کی سطح پر فعال و منظم بنانے کیلئے عہدیداران اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کارلائیں۔یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدر حاجی علی مدد جتک،جنرل سیکرٹری سیداقبال شاہ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلندجوگیزئی نے جمعرات کوجتک ہاؤس کوئٹہ میں پاکستان پیپلزپارٹی ژوب ڈویژن اوراس سے منسلک اصلاع کے عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ژوب ڈویژن اوراس سے منسلک اضلاع کے عہدیداروں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور پارٹی کو فعال بنانے کیلئے متعددفیصلے کئے گئے۔مقررین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی فیڈریشن کی حامی جماعت ہے جسے دیوار سے لگانے کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے،پاکستان پیپلزپارٹی کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے سرزمین وطن پر جمہوریت کے پودے کی اپنے خون سے آبیاری کی اور ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلئے شہید جمہوریت محترمہ بے نظیربھٹو سمیت سینکڑوں جیالوں نے اپنی جانوں کے نذرانے دیئے۔انہوں نے کہا کہ عوام پر مسلط کئے جانے والے سلیکٹڈ حکمران نیب کے ذریعے اپوزیشن جماعتوں کو دبانے کی کوششوں میں مصروف ہیں جنہیں اس میں ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ذیراہتمام ہونے والی آل پارٹیز نے موجودہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے خلاف دمادم مست قلندر کا اعلان کردیا ہے اوراحتجاجی تحریک 11اکتوبر کو کوئٹہ میں پی ڈی ایم کے زیر اہتمام ہونے والے جلسے سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے یہ جلسہ سلیکٹڈ حکمرانوں کے زوال کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے بلوچستان بھر سے 11اکتوبر کے جلسے میں بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بھر پورشرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو ژوب ڈویژ ن میں میں فعال اورمنظم بنانے کیلئے ژوب ڈویژن کے عہدیداران اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لائیں اور پارٹی کو یونین کونسل کی سطح پر فعال اور منظم بنائیں۔


