نواز شریف آپ جب جنرل جیلانی کیساتھ سازش کررہے تھے، اس وقت بھی یہ حلف تھا، فواد چوہدری
اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف فوج کے حلف کی بات کرتے ہیں، اپنا حلف بھی یاد کریں۔ایک تقریب سے خطاب میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے فوادچوہدری نے کہا کہ آپ جب جنرل جیلانی کیساتھ سازش کررہے تھے، اس وقت بھی یہ حلف تھا۔فواد چوہدری نے اعتراف کیا کہ نواز شریف کو باہر بھیجنا ہماری غلطی تھی، نوازشریف کو واپس لانے کیلیے اقدامات کا آغاز کیاگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف آج کل ملکہ جذبات بنے ہوئے ہیں، نوازشریف نے ہمارا آدھا گھنٹہ ضائع کیا، نوازشریف نے اتنا بڑا مذاق کیا کہ ہم نے ڈالر کو 100روپے کے اندررکھا۔فواد چوہدری نے کہا کہ آج نوز شریف کہہ رہے ہیں عمران خان نے کہاں سے جائیداد بنائیں، عمران خان نے کیری پیکر سیریز تک کی دستاویزات عدالت کو دیں، نوازشریف پاکستانی قوم کیساتھ مذاق کررہے ہیں اور بلیک میل کررہے ہیں، نوازشریف چاہتے ہیں ان کے ساتھ مفاہمت کی جائے اور کیس ختم کیے جائیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جلد نوازشریف کو واپس لایاجائیگا پھر انہیں عدالت میں یہ تقریر کرنی چاہیے، ان لوگوں کو غلطی کااندازہ ہوگیا ہوگا جنہوں نے نواز شریف کو باہر بھجوایا۔


