حکومت کی توجہ کام پر نہیں بلکہ سیاسی مخالفین کو جیلوںمیں ڈالنے پر ہے‘سعدرفیق
لاہور؛پاکستان مسلم لیگ(ن)کے مرکز ی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کے مینڈیٹ کو کسی سیاسی جماعت نے تسلیم نہیں کیا، حکومت کی توجہ کام پر نہیں بلکہ سیاسی مخالفین کوگالیاں دینے اور جیلوںمیں ڈالنے پر ہے،حکومتی انتقامی کارروائیوں سے تنگ آچکے ہیں، عوام کیلئے اپوزیشن نے مل کرجدوجہد کا فیصلہ کیا ہے۔احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں بیروزگاری بڑھنے سے سٹریٹ کرائم بڑھ گئے ہیں، معیشت کی صورتحال سب کے سامنے ہے ،عمران خان اب نا تجربہ کار نہیں، ساڑھے 7 سال خیبرپختونخوا ہ اور 2 سال سے زائد پاکستان کی حکمرانی کرلی۔انہوںنے کہا کہ ہمیشہ کہا کہ محاذ آرائی سے بچنا چاہیے لیکن سیاسی انتقام کی بھی کوئی حد ہوتی ہے،مہنگائی نے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں،دوسری جانب اپوزیشن کو دیوارمیں چنا جارہا ہے،حکومت کا کام صرف جھوٹ بولنا،الزام لگانا اورسیاسی مخالفین کوجیلوںمیں ڈالنا ہے ۔انہوںنے کہا کہ نواز شریف یا کسی اور پر پابندی لگائیں گے تو سوشل میڈیا اورسیٹلائٹ موجود ہے، پابندی لگانا احمقانہ اقدام ہے،نواز شریف کو ایم کیو ایم کے قائد سے نہیں ملایا جاسکتا، وہ پاکستان کے تین مرتبہ وزیراعظم رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ عمران کے مینڈیٹ کو کسی نے تسلیم نہیں کیا ،عمران خان چاہتے ہیں سب کو جیل میں ڈال کر اکیلے سیاست کریں ایسا نہیں ہو سکتا، اب تمام سیاسی جماعتیں اس حکومت کو نکالنے کے لیے اکٹھی ہیں۔انہوںنے کہاکہ حکومت بہت بڑی چیز ہے اسے کام بھی بڑے کرنے ہوتے ہیں لیکن عمران خان کو اب بھی سمجھ نہیں آئی کہ حکومت کیسے کرنی ہے ،لاہور : ان کی توجہ سیاسی مخالفین کو گالیاں دینے اور انہیںمیں جیل میں ڈالنے پر ہے، عمران خان کا گزشتہ رات کا بیان دیکھا جو قانون توڑے گا جیل میں ڈالا دوں گا، ان کو کتنا شوق ہے لوگوں کو جیلوں میں ڈالنے کا ،ایسے نظام بہتر نہیں ہوگا۔


