حکومت اے این پی کے نعرے برداشت نہیں کررہی ہے، عالمگیر مندوخیل

پشتون سٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی چیئرمین عالمگیر مندوخیل اور ممبر معصوم خان میرزئی نے آٹھ اکتوبر کو قلعہ سیف اللہ میں منعقدہ جلسے کے حوالے سے ضلع کے دورے کے موقع پر شہر کی دیواروں پر لکھے گئے پارٹی شعاروں اور نعروں کو سیکورٹی اداروں اور حکومتی انتظامیہ کی جانب سے مٹائے جانے پر شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست سے عوامی نیشنل پارٹی کے شعار اور نعرے تک برداشت نہیں ہورہے. ظلم اور جبر کی بنیاد پر کھڑا ریاست مزید ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے کیا ثابت کرنا چاہتی ہے.

حکومتی انتظامیہ اور ریاستی عناصر کی جانب سے پارٹی شعاروں کا مٹایا جانا ایک غیر جمہوری اور آمرانہ طرز عمل کی عکاسی کرتا ہے.

اس قسم کے ہتھکنڈوں سے ریاست قومی تحریک کی راہ میں خلل پیدا نہیں کرسکتی البتہ پارٹی ان قوتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کرتی رہے گی اور مزید شدت کے ساتھ اپنے موقف کے دفاع میں کھڑی نظر آئے گی.

اے این پی کے ایک جلسے سے ریاست اس قدر بوکھلاہٹ کا شکار ہے.جبکہ حال ہی میں عوامی نشنل پارٹی صوبہ بلوچستان کے سیکرٹری اطلاعات اسد خان اچکزئی کو جبری طور پر گم شدہ کرنا اور پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخار حسین کو جان لیوا دھمکیاں موصول ہونے کا سلسلہ ان تمام پرانے ریاستی حربوں کی کڑی ہے جس کے زور پر ماضی میں بھی پارٹی پر دباؤ ڈالنے کی ناکام کوشش کی جاتی رہی ہے.

باچاخان سے لے کر عوامی نیشنل پارٹی کی موجودہ قیادت تک جب بھی عوامی نیشنل پارٹی نے بلوچستان میں عوامی جلسے منعقد کرنے کی کوشش کی ہے تو ان کیلئے رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں.

انہوں نے مزید کہا کہ شدید ریاستی دباؤ کے باوجود یہ جلسہ اپنے قومی اہداف اور مظلوم قومیتوں کے حقوق کی جدوجہد کے رستے میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور سیاسی حوالے سے ہمارے خطے کے لیے دور رس نتائج برآمد کرے گا. جبکہ پشتون ایس ایف فخرِ افغان باچاخان کے تعلیمات اور ولی خان کے احتجاجی اور اصولی رویے کو اپناتے ہوئے اپنے اکابرین کے نقش قدم پر اپنی نصف صدی کی تاریخ کے تسلسل کو آگے بڑھاتے ہوئے ہمیشہ کی طرح ثابت قدم رہے گی اور اپنے نظریات پر سمجھوتہ کیے بغیر کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی.
علاوہ ازیں بیان میں کہا گیا کہ قلعہ سیف اللہ میں پشتون سٹوڈنٹس فیڈرشن کے زیراہتمام کل 6 اکتوبر کو ایک ریلی نکالی جائے گی یہ ریلی 8 اکتوبر کے جلسے کی تیاری کے لئے اے این پی کے ضلعی دفتر سے نکلی گی اور مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے جنکشن چوک تک آئے گی، اس ریلی میں پی ایس ایف کے صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبر معصوم خان میرزی خصوصی شرکت کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں