مریم نواز کی موجودگی میں ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، محمد زبیر
سابق گورنر سندھ اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کے ترجمان محمد زبیر نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر پر ردعمل میں کہا ہے کہ ان کو تاریخ کا پتا ہی نہیں ہے، آیت اللہ خمینی نے جلا وطن رہ کر شاہ ایران کے خلاف زیادہ بہتر جدوجہد کی۔انہوں نے کہا کہ ابھی مریم نواز یہاں ہیں تو ان کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں، مریم سے ان کی جان نکلتی ہے، نواز شریف آگئے تو ان کی حالت خراب ہوجائے گی، یہ صرف اوپر کی ڈرامے بازی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہی نہیں کہ نواز شریف واپس آئیں، جب ان کی سیاسی جان نکالنی ہوگی تو نواز شریف واپس آجائیں گے، نوازشریف علاج کے لیے بیرون ملک ہیں۔ محمد زبیر کا کہنا تھا کہ پارٹی نے دو ٹوک کہہ دیا ہے نواز شریف علاج کروا کر ہی واپس آئیں۔
دوسری جانب ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا کہ اب عوام اپنی آٹا اور چینی چوری کے خلاف نکلیں گے، اب عوام، ڈاکٹرز، اساتذہ، وکلاء، نوجوان اور میڈیا اپنے آئینی، قانونی، جمہوری حق کو واپس لینے نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب پاکستان کے عوام بجلی، گیس، دوائی، آٹا چینی چوری کا حساب لینے آرہے ہیں، اب عوام کے گھبرانے کا وقت ختم، آپ کے گھر جانے کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔اس کے علاوہ سابق وزیراعظم نے نواز شریف کی بیماری سے متعلق بھی گفتگو کی۔


