فحاشی ٹک ٹاک کانہیں‘معاشرے میں رچی بسی ہے‘بختاور بھٹوزرداری
کراچی (انتخاب نیوز) پاکستان میں مشہور سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد سابق صدر مملکت آصف زرداری کی صاحبزادی بختاور بھٹو کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں حکومتی فیصلے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔بختاور کہتی ہیں کہ فحاشی ٹک ٹاک پر نہیں بلکہ معاشرے میں رچی بسی ہے، جہاں خواتین کو ٹی وی پر یوگا پینٹ پہننے کی اجازت نہیں جہاں خواتین کو رات کو ڈرائیونگ کرنے کی اجازت نہیں، بچوں کو اغوا کرکے درندگی کا نشانہ بنایا جاتا ہے، ذرا دیکھیں کہ عوامی مقامات اور مدرسوں میں کیا ہو رہا ہے، مسئلہ ٹک ٹاک نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ٹک ٹاک کے ذریعے لوگوں کو کمائی کرنے،حکومت کیخلاف آواز بلند کرنے کا موقع ملا۔ملک میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہوا، لوگوں کے پاس روزگار نہیں ہے، بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنا کر قتل کیا جا رہا ہے، کرونا وبا کی وجہ سے دنیا جدت کی جانب سے جا رہی ہے، لیکن عمران خان نے ٹک ٹاک پر پابندی عائد کر دی۔


