احتجاج کرکے سلیکٹرز کو احساس دلاناچاہتے ہیں کہ ان کاطریقہ کار ٹھیک تھا نہ ہی لوگ،امیر حیدر ہوتی

کوئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حید ر خان ہوتی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کے احتجاج کا موازنہ کرنا درست نہیں پی ٹی آئی کے ایمپائر کو ساتھ ملا کراحتجاج کیا ہم سیاسی سوچ، نظریے ، عوامی حقوق کے لئے احتجاج کر رہے ہیں ،ہم سلیکٹرز کو احساس دلانا چاہتے ہیں کہ انکا طریقہ اور لوگ دونوں ٹھیک نہیں تھے، انتخابی اصلاحات کرنے کے بعد ملک میں عام انتخابات کروائے جائیں، ملکی سطح پر استعفوں کے اعلان کے بعد عوامی نیشنل پارٹی کے چار ارکان نہ صرف بلوچستان حکومت بلکہ اسمبلی سے بھی استعفیٰ دیں گے ۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو ارباب ہائوس کوئٹہ میں عوامی نیشنل پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما زاہد خان، صوبائی صدر اصغر خا ن اچکزئی ،صوبائی وزیر انجینئر زمرک خان اچکزئی ، ملک نعیم بازئی سمیت مرکزی مجلس عاملہ کے ارکان بھی موجود تھے ۔ امیر حید ر خان ہوتی نے کہاکہ پی ٹی آئی اور پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے احتجاج کا موازنہ نا کیا جائے پی ٹی آئی نے ایمپائر کو ساتھ ملا کر احتجا ج کیا ہمارا احتجاج سیاسی نظریے، سوچ، فکر ،عوامی مسائل کے حل کے لئے پرامن ہوگا ہم نہ پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر حملہ کریں گے نہ بل پھاڑیں گے اور نہ ہی فل الحال سول نافرمانی کا اعلان کریں گے ہم حکومت کو احساس دلانا چاہتے ہیں کہ وہ الیکشن نہیں سلیکشن کے ذریعے بر سر اقتدار آئیں انہوں نے کہا کہ عوام کو احساس ہوگیا اب ہم سلیکٹر کو بھی احساس دلانا چاہتے ہیں کہ نہ طریقہ کار ٹھیک تھا نہ ہی لوگ سلیکشن کے نتیجے میں ملک مسائل کا گڑھ بن چکا ہے عوام اب اس حکومت کو مزید برداشت نہیں کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ فوجی اور سیاسی قیادت کی ملاقات میں فوجی قیادت کی جانب سے واضح الفاظ میں کہا گیا سیاسی جماعتیں اگر الیکشن ریفارمز لاتی ہیں تو انہیں خوشی ہوگی اور جس دن سیاسی جماعتوں نے ملکر فیصلہ کیا کہ پولنگ بوتھ اور اسٹیشن پر مسلح سیکورٹی فورسز کے اہلکار نہیں ہونگے وہ دن ہمارے لئے باعث خوشی اور اطمینان ہوگا انہوں نے کہا کہ ہمیں اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے الیکشن ریفارمز لانے چاہیئں اگر الیکشن اصلاحات ہوجائیں تو کل صاف ،شفاف ، غیر جانب دار عام انتخابات کروائے جائیں ان انتخابات میں جسے بھی مینڈیٹ ملے ہمیں قابل قبول ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے گوجرنوالہ، کراچی، کوئٹہ کے جلسے سے ثابت ہو جائیگا کہ عوام کیا چاہتے ہیں پی ڈی ایم کیا کرنے جارہے ہیں اسے دیکھنے کے لئے دسمبر تک انتظار کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی بلوچستان میں پی ٹی آئی کی نہیں بلکہ صوبائی حکومت کی اتحادی ہے ہمارے چاروں پارلیمانی ارکان نے واضع الفاظ میں یقین دہانی کروائی ہے کہ جس دن ملکی سطح پر استعفے دینے کا فیصلہ ہوا وہ نہ صرف حکومت بلکہ صوبائی اسمبلی سے بھی استعفے دیں گے انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اتحاد کو اگر ایک ساتھ رہنے دیا گیا تو تمام سیاسی جماعتیں ملکر ایک متفقہ چارٹر تشکیل دیں گی جسے مدنظر رکھتے ہوئے مشترکہ جدوجہد کی جائیگی ، پی ڈی ایم انفرادی نہیں بلکہ اجتماعی جدوجہد کا پلیٹ فارم ہے جس میں اے این پی ، پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتیں اپنا کردار ادا کریں گی ۔ امیر حید ر ہوتی نے کہا کہ اے این پی کی مرکزی مجلس عاملہ نے پارٹی کے پی ڈی ایم میں شمولیت کے فیصلے کی مکمل توثیق کر دی ہے اور آئین پر عملدآمد، پارلیمنٹ کی بالادستی، بنیادی مسائل کے حل، نیب کی قانون سازی، اداروں کے اپنی حدود میں رہتے ہوئے کام کرنے، ساحل و وسائل کے تحفظ کو پی ڈی ایم کے چارٹر میںشامل کرنے کی تجاویز بھی دی ہیں ،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کا کہنا تھا کہ ایک نیا پاکستان بنائیں گے جہاں دو نہیں ایک نظام ہوگا، مسائل حل ہونگے، 1کروڑ نوکریاں ،50لاکھ گھر، مہنگائی کا خاتمہ ہوگا آج پورا ملک یہ سوال کر رہا ہے کہ یہ سب چیزیں کہاں ہیں، حکومت نے ملکی معیشت کر تبا ہ کردیا ہے مارچ تک 41ہزار ارب کے قرضے لئے گئے ، آٹے ،چینی ،گندم کے اسکینڈل سامنے آئے ، لوگ خودکشی پر مجبور ہیں، ملک کو آئی ایم ایف کی شرائط پر چلایا جارہا ہے ،ملازمین کی تنخواہیں نہیں بڑھائی گئیں، پینشن کے خاتمے کی بات ہورہی ہے ،روپے کی قدر30فیصد تک کم کردی گئی ہے ،مزدور سے صنعت کار تک ہر طبقہ پریشان ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملکی خارجہ پالیسی کی وجہ سے آج کوئی بھی دیرینہ دوست اور مسلم ملک ہمارے موقف کی تائید نہیں کررہا ہندوستان کے موقف کو دنیا بھر میں سنا جارہا ہے سعودی عرب جیسے دوست ملک کے خلاف وزیر خارجہ بات کررہے ہیں وزیراعظم اور حکومت پر اعتماد کے فقدان کی وجہ سے سفارتکاری کا کام بھی چیف آف آرمی سٹاف کو کرنا پڑ رہا ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے آج تک کسی بھی اہم قومی مسئلے پر سیاسی قیادت سے رابطہ نہیں کیا اور نہیں اعتماد میں لیا گیا سیاسی قیادت کے ساتھ گلگت بلتستان کے معاملے پر آرمی چیف نے اجلاس کیا ملک کی داخلہ و خارجہ پالیسی غلط سمت میں گامزن ہے ، انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن مذاکرات خوش آئند ہیں افغانستان سے رابطے مزید مضبوط ہونے چاہیئیں پاکستان کو امن مذاکرات میں مثبت کردار جاری رکھنا چاہیے انہوں نے کہا کہ چمن سمیت افغانستان کے ساتھ منسلک تمام دیگر سرحدوں پر مکمل آزادی کے ساتھ آمد ورفت اور تجارت ہونی چاہیے، انہوں نے مزید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسد خان اچکزئی تاحال لاپتہ ہیں ہم انہیں مسنگ پرسن تصور کرتے ہیں کیونکہ ان سے متعلق اب تک کسی بھی قسم کی معلومات فراہم نہیںکی گئیں نہ ہی انکے خاندان یا پارٹی سے کسی کا رابطہ ہوا ہے اسد خان اچکزئی بیمار ہیں انہیں دوائوں، مناسب ماحول کی ضرورت ہے ہمارا پر امن احتجاج جاری ہے ریاست اور حکومتی اداروں سے مطالبہ ہے کہ وہ اسد خان کی باخیرو عافیت بازیابی کو یقینی بنائیں ۔ امیر حید ر ہوتی نے کہا کہ بلوچستان میں سی پیک کے مغربی روٹ پر اب بھی ہمارے تحفظات ہیں ملک کے پسماندہ اور کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترجیح دی جائے ساتھ ہی ژوب، قلعہ سیف اللہ، ڈیرہ اسماعیل خان میں موٹروے اور انڈسٹریل زون، ریلوے کا جدید نظام بنائے جائیں ،گوادر کی ترقی میں وہاں کے مقامی لوگوں کو حصہ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ نیا این ایف سی ایوارڈ جلد از جلد کیا جائے ہم کسی بھی صورت صوبوں کا حصہ کم نہیں ہونے دیں گے سابقہ قبائلی علاقوں میں جن قانونی اصلاحات، ترقیاتی منصوبوں، مسائل کے حل کا وعدہ کیا گیا تھا ملک کے زخمی حصے کے تمام مسائل حل کئے جائیںانہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے قوانین میں ترمیم ناگزیر ہے جلد از جلد قانونی اصلاحات لائی جائیں ساتھ ہی نیشنل ایکشن پلان پر بھی عملدآمد یقینی بنایا جائے

اپنا تبصرہ بھیجیں