صوبائی حکومت تعلیم کے حصول کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے،چیف سیکرٹری
کوئٹہ12 اکتوبر: چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر) فضیل اصغر نے کہاہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں تعلیم کے حصول کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے جس سے طلباء اور طالبات استفادہ حاصل کر کے دنیا میں ملک اور قوم کا نام روشن کریں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایس ایم بی آر قمر مسعود، سپیشل سیکرٹری صحت حافظ طاہر، صدر سی پی ایس پی کونسل ڈاکٹر شعیب شفیع، ڈی جی آئی آر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، نائب سی پی ایس پی صدر ڈاکٹر محمود ایاز سمیت کونسل کے ممبران بھی موجود تھے۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ اعلی معیار تعلیم، صحت کی سہولیات سمیت صوبے میں امن وامان کی بحالی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت صوبے میں صحت کے شعبے میں مزید بہتری کیلئے کام کررہی ہے اور صوبائی حکومت کوئٹہ میں کینسر اور کارڈیالوجی کے ہسپتال کی تعمیر پر کام شروع کررکھی ہے جبکہ تین ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے جن میں بین الاقوامی معیار کے مطابق طبی سہولیات میسر ہوں گے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مختلف شعبوں میں طلبائاور طالبات کیلئے اسکالرشپس کے پروگرام شروع کیے ہوئے ہیں جس کے تحت وکلاء کو ایل ایل ایم کی ڈگریاں حاصل کرنے کیلئے بیرون ملک بھجوا رہے ہیں اس کے علاؤہ صوبے کے بہت سے طلباء اور طالبات پی ایچ ڈیز کیلئے بیرون ملک گئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے سی پی ایس پی کاصوبائی حکومت کے ساتھ تعاون کو سراہا۔ اس موقع پر خالد مسعود گوندل نے ادارے کی طرف سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سی پی ایس پی کوئٹہ کے علاوہ صوبے میں ایک اور سینٹر قائم کرے گا جس کیلئے جگہ کی نشاندہی صوبائی حکومت کرے گی۔


