ہزارگنجی واقعہ قابل مذمت، محنت کشوں کو نشانہ بنانا افسوسناک ہے، متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم، ذمہ داروں کو گرفتار کیا جائے، کاشف حیدری

کوئٹہ (پ ر) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے ترجمان کاشف حیدری نے ہزارگنجی میں سبزی فروشوں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم محنت کشوں کو نشانہ بنانا ایک انسانیت سوز اور افسوسناک اقدام ہے، ایسے واقعات نہ صرف قابل مذمت ہیں بلکہ شہریوں کے تحفظ کے حوالے سے سنگین سوالات بھی پیدا کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں دو افراد شہید جبکہ تین افراد زخمی ہوئے جو انتہائی افسوسناک ہے اور متاثرہ خاندانوں کے لیے بڑا صدمہ ہے، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ایک ماہ قبل بھی ہزارگنجی میں ہزارہ قوم سے تعلق رکھنے والے ایک مزدور کو نشانہ بنایا گیا تھا تاہم اس واقعے میں اب تک کوئی خاطر خواہ پیشرفت سامنے نہیں آسکی اور نہ ہی کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے جس پر عوامی سطح پر تشویش پائی جاتی ہے، انہوں نے کہا کہ مسلسل پیش آنے والے ایسے افسوسناک واقعات شہریوں خصوصاً محنت کش طبقے میں عدم تحفظ کے احساس کو بڑھا رہے ہیں، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ایک ماہ قبل پیش آنے والے واقعے اور حالیہ ہزارگنجی واقعے میں ملوث تمام عناصر کو جلد از جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں