اینٹی کرپشن نے محکمہ شہری دفاع کے کیشیئر اور اے جی آفس کے اسسٹنٹ اکاؤنٹس آفیسر کو ملی بھگت کے الزام میں گرفتار کرلیا
کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان کے محکمہ شہری دفاع میں رشتہ داروں کو غیر قانونی طور پر ملازمتیں دینے کا معاملہ سامنے آنے پر محکمہ اینٹی کرپشن نے کارروائی کرتے ہوئے محکمہ شہری دفاع کے کیشیر اور اے جی آفس کے اسسٹنٹ اکاونٹس آفیسر کو گرفتار کرلیاجبکہ سابق ڈائریکٹر شہری دفاع سمیت نو افراد کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن بلوچستان نصیب اللہ کاکڑ نے بتایا کہ محکمہ شہری دفاع کے کیشیر محمد کامران نے اپنے محکمے کے آفیسران اور اے جی آفس کے اسسٹنٹ اکاونٹس افسر عالم زیب کی ملی بھگت سے اپنے قریبی رشتہ داروں اور دیگر صوبوں کے افراد کو غیر قانونی طور پر ملازمتوں پر رکھا اور ایک سال بعد ان کی تنخواہوں کو پرانے منٹس میں ردوبدل کر کے انہیں نئے منٹس میں غیر قانونی طور پر شامل کیا۔ جس پر محکمہ اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کرکے محکمہ شہری دفاع کے کیشیر محمد کامران اور اے جی آفس کے اسسٹنٹ اکاونٹس افسر عالم زیب کو گرفتار کر لیا ڈی جی اینٹی کرپشن نے بتایا کہ سابق ڈائریکٹر سیول ڈیفنس سمیت نو ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


