بلوچستان سے باہر گندم کی نقل و حمل پر 2 ماہ کیلئے پابندی، ذخیرہ رکھنا جرم ہوگا، محکمہ داخلہ

کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان سے باہر گندم کی نقل و حمل پر 2 ماہ کے لیے پابندی عائد کر دی گئی۔ صوبائی محکمہ داخلہ کے مطابق گندم کی غیر مجاز نقل و حمل اور ذخیرہ اندوزی روکنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے، مقررہ حد سے زائد گندم ذخیرہ کرنے، چھپانے یا غیر قانونی اسٹاک رکھنا جرم ہو گا۔ محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام گندم کی دستیابی، خریداری اور مارکیٹ میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنرز کو سرحدی راستوں پر مشترکہ چیک پوسٹیں قائم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو مشتبہ گوداموں کی تلاشی اور ٹرانسپورٹ دستاویزات کی جانچ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان نے غیر قانونی گندم ضبط کر کے ذمے داران کے خلاف کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں