کراچی سے تعلق رکھنے والا سیاسی کارکن و دانشور عبدالروف بلوچ انتقال کر گئے

ملیر (نامہ نگار) معروف سیاسی کارکن و دانشور عبدالرٸوف بلوچ انتقال کر گئے، آباٸی گاٶں اولڈ تھانہ ملیر میں سپرد خاک، رٸوف بلوچ ایک نظریاتی سیاسی کارکن تھے، ان کے انتقال سے ملیر ایک سنجیدہ فکر، مخلص اور باشعور شخصیت محروم ہو گٸی۔ نیشنل پارٹی کے رہنما مجید ساجدی، اسلم بلوچ کی جانب افسوس کا اظہار۔تفصیلات کے مطابق معروف سیاسی کارکن و دانشور عبدالرٸوف بلوچ طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، پیر کے روز ان کی میت کو آباٸی گاٶں اولڈ تھانہ ملیر میں سپرد خاک کردیا گیا۔ ملیر کے علاقے اولڈ تھانہ سے تعلق رکھنے والے ممتاز سیاسی و سماجی کارکن عبدالرٸوف بلوچ نے اپنی سیاسی جدوجہد کا آغاز طلبہ تنظیم بی ایس او (BSO)سے کیا، جس کے بعد وہ بی این وائی ایم (BNYM) اور بی این ایم (BNM) سے بھی وابستہ رہے بعد ازاں نیشنل پارٹی میں مرکزی کمیٹی کے رکن کے طور پر خدمات انجام دیں۔عبدالرٸوف بلوچ سوشل کلچرل سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری بھی رہے اور بلوچ متحدہ محاذ کے بانی اراکین میں شامل تھے۔ اپنی علمی بصیرت کے باعث انہوں نے متعدد اخبارات میں کالم تحریر کیے، جبکہ وہ ایک باصلاحیت کارٹونسٹ بھی تھے۔ انہوں نے کراچی میں مقیم بلوچوں کی تاریخ اور حالات پر ایک تحقیقاتی ڈاکیومنٹری بھی تیار کی تھی۔ عبدالروف بلوچ کے انتقال پر نیشنل پارٹی کے رہنما مجید ساجدی، ساٸیں اسلم بلوچ نے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوٸے کہا رٸوف بلوچ ایک سچے بلوچ قوم پرست تھے ان کے انتقال سے ملیر ایک سنجیدہ فکر، مخلص اور باشعور شخصیت محروم ہو گٸی ہے ۔ انہوں نے کہا رٸوف بلوچ نظریاتی سیاسی کارکن تھے، جو زندگی بھر بلوچ عوام کے حقوق کے لٸے آواز بلند کرتے رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں