ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پی ایم ڈی سی کو فوری بحال کیاجائے،مریم اورنگزیب

لاہورِ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے شعبہ صحت ریگولیٹ کرنے والا ادارہ فوری بحال کیاجائے، پی ایم ڈی سی پر عدالت عظمی کے حکم کے باوجود اب تک کچھ نہیں ہوا،ڈاکٹرز، نرسوں اور طبی عملے کی حفاظت کے لئے ضروری سامان فی الفور مہیا کیا جائے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا ڈاکٹرز کی 24 مارچ سے ہڑتال کورونا کی ہنگامی صورتحال میں تباہ کن ثابت ہوگی، ڈاکٹرز کے تمام خدشات، تحفظات اور مطالبات کو سنجیدگی سے لیاجائے اور فوری عمل کیاجائے،آئیسولیشن وارڈز اور الگ کورونا سے نمٹنے کے لئے الگ علاج گاہ کے قیام کی تجاویز پر سنجیدگی سے عمل درکار ہے،وفاقی دارالحکومت کے چار ہسپتالوں میں مناسب انتظامات نہیں تو دیگر صوبوں کی حالت تصور کی جاسکتی ہے، کورونا سے نمٹا جاسکتا ہے لیکن حکومت کو اپنا رویہ بدلنا ہوگا، بیانات کے بجائے اقدامات پر توجہ دیں سیاست بعد میں ہوتی رہے گی، اس وقت اولین ترجیح اور اولین ہدف قوم کی صحت کا تحفظ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں