کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے سہ نکاتی پالیسی بنائی ہے،، ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ

اسلام آباد،وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے ہم نے سہ نکاتی پالیسی بنائی ہے،ایک سٹیمولس پیکج دیا جائے گا تاکہ وباء پر بھی قابو پالیا جائے اور معیشت پر متاثرنہ ہو، ٹیکسز میں کمی کی جائے گی، سبسڈی میں اضافہ کیا جائے گا، ترقیاتی کاموں کو مزید ترقی دینا چاہتے ہیں، اس سے روزگار میں اضافہ ہوگا، احساس پروگرام کے تحت غریبوں کو مزید فنڈ دیا جائے گا۔جمعہ کو پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر کام کیا جا رہا ہے،دنیا بھر میں 350ارب ڈالر کا نقصان ہو چکا ہے، ہماری معیشت میں استحکام آرہا تھا، ہم چاہتے ہیں اس کو برقرار رکھا جائے، ہماری کوشش ہے کہ نچلے طبقے کیلئے شروع کئے گئے پروگراموں کو مزید مستحکم بنایا جائے، دنیا کی معیشت اگر نیچے جاتی ہے تو اس سے ہماری ایکسپورٹ کم ہو ں گی، تیل کی قیمتیں کم ہونے سے اگر جی سی سی ممالک کی آمدنی کم ہوتی ہے تو ہماری ترسیلات زر متاثر ہونے کا خطرہ ہے، پاکستان کی معیشت متاثر ہو گی تو روزگار کا مسئلہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سہ نکاتی پالیسی بنائی ہے کہ ہیلتھ ایمرجنسی سے نمٹا کیسے جائے، کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے کٹس، وینٹی لیٹر، ایئرپورٹ سیکیورٹی پر حفاظتی اقدامات کے بہتر انداز پر عالمی معیار کے مطابق کام کرنا ہے، دوسرا متاثرین کو ریلیف دیا جائے گا، انڈسٹری،ایئرلائنز، تعمیراتی شعبوں سمیت دیگر متاثر ہونے والی صنعتوں کے حوالے سے سروے کر رہے ہیں، اس کیلئے ایک سٹیمولس پیکج دیا جائے تا کہ وباء پر بھی قابو پالیا جائے اور معیشت پر متاثرنہ ہو، ٹیکسز میں کمی کی جائے گی، سبسڈی میں اضافہ کیا جائے گا، گندم خریداری کی مد میں 289ارب کسانوں کو ملیں گے، ہم چاہتے ہیں اس میں کوئی رکاوٹ نہ آئے، ترقیاتی کاموں کو مزید ترقی دینا چاہتے ہیں تا کہ روزگار میں اضافہ ہو، احساس پروگرام کے تحت غریبوں کو مزید فنڈ دیا جائے گا تا کہ غریب طبقہ اس سے متاثر نہ ہو، آنے والے دنوں میں تمام چیزوں کو عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں