کوئٹہ جلسے میں اداروں کیخلاف بات کی گئی تو کارروائی ہوگی، ضیا لانگو
وزیرداخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نیکہا ہے کہ بلوچستان میں بہت قربانیوں کے بعد امن آیا ہے، اب عوام اور ادارے ایک پیج پر ہیں، اپوزیشن جماعتیں عوام اور اداروں کی قربت میں خلل نہ ڈالیں، اگرکوئٹہ جلسے میں اداروں کیخلاف بات کی گئی تو کارروائی کی جائیگی۔
یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کے دوران کہی۔ وزیر داخلہ بلوچستان نے کہا کہ عوام اپوزیشن کی منفی سیاست سے تنگ آچکے ہیں،کوئٹہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں اتنے لوگ نہیں آئیں گے تاہم گیارہ جماعتیں ہیں کچھ نہ کچھ لوگ تو آئیں گے۔
ضیاء لانگو نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسے سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، حکومتیں اس طرح کیجلسوں سے نہیں گرتیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جلسے جلوس جمہوری عمل ہے، ہم اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالیں گے، جلسہ میں کسی کی شرکت روکنے کے لیے کنٹینرز نہیں لگائیں گے۔
صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ بلوچستان دہشتگردی کا شکار رہاہے، اب بھی دہشت گردی کے کچھ واقعات ہوئے ہیں، اس جلسے کے حوالے سے بھی سیکیورٹی تھریٹ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی ڈی ایم کی جلسے کی حوالے سے سیکیورٹی پلان کو کل حتمی شکل دی جائیگی، پی ڈی ایم کے جلسے کے تمام راستوں پر واک تھرو گیٹ لگائی جائیں گب، جلسے میں آنے والے رہنماؤں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائے گی۔
وزیر داخلہ نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ جلسے میں کورونا وائرس کے حوالے سے ایس او پیز پر عمل درآمد کرائیں۔
خیال رہے کہ حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا اگلا جلسہ 25 اکتوبر کو کوئٹہ میں شیڈول ہے جس سے پی ڈی ایم کی مرکزی قیادت خطاب کرے گی۔


