پی ڈی ایم جلسہ میں اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی قابل مذمت ہے، نوابزادہ جمال رئیسانی

کوئٹہ؛نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کوئٹہ میں پی ڈی ایم کی جانب سے ہونے والے جلسے میں اداروں کے خلاف سیاسی قائدین کی جانب سے ہزرہ سرائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان شہیدوں کا وطن ہے، سیاسی قائدین اپنے مفادات کے لئے مادر وطن کے شہداء اور غازیوں کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ بلوچستان میں بھارت کی مداخلت بدستور جاری ہے اور بھارت اپنے ایجنڈوں کے ذریعے بلوچستان میں حالات خراب کرنے کی کوشش کررہاہے۔ میرے والد اور بھائی نے بلوچستان کی امن، ترقی و خوشحالی کے لئے قربانی دی ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ جلسہ اور احتجاج کرنا تمام سیاسی جماعتوں کاجمہوری حق ہے مگر افسوس سے کہنا پڑرہاہے کہ جن اداروں نے ملک کے لئے قربانیاں دی ہیں ان کے خلاف جلسے و جلسوں میں عوام کو اکسانے کی مذمت کرتے ہیں۔ بلوچستان کے پشتون بلوچ عوام محب وطن ہے اور وہ کبھی بھی اپنے اداروں کے خلاف ایسے الفاظ استعمال نہیں کرتے جن سے ادارے کے ساتھ کو نقصان پہنچے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان کی عوام نے دہشت گردی کے خلاف بہت بڑی قربانیاں دی ہیں اور ان کی قربانیوں کی بدولت آج بلوچستان میں ترقی کا سفر جاری ہے اور ساتھ ہی ساتھ بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے صوبے کی ترقی و خوشحالی کے لئے بہت قربانیاں دی ہیں اور بھارت کی مداخلت کو روکنے کے لئے جدوجہد کی ہے۔ بھارت اپنے ایجنڈوں کے ذریعے بلوچستان کے حالات کو خراب کررہاہے مگر بلوچستان میں ان شہداء کے فرزند بھی موجود ہے جنہوں نے صوبے کی خاطر قربانی دی ہے اور ہم ان قوتوں کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں