پی ڈی ایم کی تحریک ملک کے تمام عوام کی آواز ہے،عثمان کاکڑ

کوئٹہ : پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سنیٹر عثمان خان کاکڑ، مرکزی وصوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی نائب صدر عبدالقہار خان ودان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز ڈاکٹر حامدخان اچکزئی، محمد عیسیٰ روشان، سید عبدالقادر آغا ایڈووکیٹ، ایم پی اے نصراللہ خا ن زیرے،یوسف خان کاکڑ، عبدالمجید خان اچکزئی، علاؤالدین کولکوال، فقیر خوشحال کاسی،سید شراف آغا نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے زیر اہتمام 25اکتوبر کوئٹہ کے منعقدہ عظیم الشان جلسہ عام کی شاندار کامیابی پر پشتونخوامیپ اور پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کے کارکنوں کو داد وتحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی دن رات کی مسلسل محنت کے بدولت عوام کو متحرک کرکے کوئٹہ کا عظیم الشان جلسہ عام کامیاب کرایا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کی اس سیاسی جمہوری تحریک کا مقصد ملکی آئین پر اس کے اصل روح کے مطابق عملدرآمد، پارلیمنٹ کی خودمختیاری وبالادستی، جمہوری کی حکمرانی،قوموں کی برابری کے حقیقی فیڈریشن کا قیام، ملک کے عوام پر مسلط بیروزگاری اور ملکی تاریخ کی سخت ترین مہنگائی سے نجات اور اسی طرح18ویں آئینی ترمیم، این ایف سی ایوارڈ، صوبائی خودمختاری سے انحراف اور ملک میں صدارتی نظام کیلئے جاری سازشوں پر عدم اعتماد کا مظہر تھا۔ پی ڈی ایم کے جلسوں میں عوام کی شرکت نے حکومتی کارروائیوں پر عدم اعتماد اور سخت ترین نفرت کااظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ سلیکٹڈ حکومت نے اپنی نااہلی، ناکامی، عوام دشمن پالیسیوں اور بلاجواز ٹیکسز نافذ کرکے ملک کے عوام پر بدترین مہنگائی، بیروزگاری مسلط کردی ہے اور عوام کو نان شبینہ کا محتاج بنادیا۔ اسی طرح روپے کی مسلسل گراوٹ سے ملکی قرضہ دوگنا ہوگیا اور معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم کی تحریک ملک کے تمام عوام کی آواز ہے اور اس کا واضح ثبوت گوجرانوالہ، کراچی کے بعد کوئٹہ کے عظیم الشان جلسوں کی کامیابی اور اس میں عوام کی شرکت ہے۔ حکومت کی جانب سے 25اکتوبر کوئٹہ کے جلسے کو ناکام بنانے کیلئے اپنے تمام حربے استعمال کیئے گئے اور صوبے وملک کے دیگر عوام تک پی ڈی ایم کی قائدین کی آواز نہ پہنچانے کیلئے موبائل فون، انٹرنیٹ کی سہولیات کی بندش جیسے اقدامات حکومتی بوکھلاہٹ کی واضح ثبوت ہے۔ بیان میں صوبے کے تمام عوام کا ایک بار پھرشکریہ ادا کیا گیا ہے جنہو ں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے زیر اہتمام 25اکتوبر کوئٹہ کے جلسہ عام میں اپنی بھرپور شرکت کو یقینی بنایا اور اس امیدکا اظہار کیا گیا ہے کہ صوبے کے جمہوریت پسند، وطن دوست عوام اسی جوش وجذبے کے ساتھ پی ڈی ایم کی سیاسی جمہوری تحریک کاہر مرحلے میں اپنا ساتھ دیگی اور اپنا فریضہ ادا کریگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں