11نومبر تک آرڈر نہیں ملے تو سخت لائحہ عمل طے کرینگے، سی ٹی ایس پی اساتذہ

کوئٹہ : آل بلوچستان سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ ٹیچرز فورم کے رہنماؤں نے 11نومبر کا ڈیڈلائن دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس دوران ان کے تعیناتی آرڈرز جاری نہ ہوئے تو 12نومبر کو پریس کانفرنس کے ذریعے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ جمعہ کو میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آل بلوچستان سی ٹی ایس پی شارٹ لسٹڈ ٹیچرز فورم کے چیئرمین رحمت اللہ یاسین زئی، مفتی شفیق اللہ، زکوم خان پانیزئی و دیگر نے کہا کہ حکومت اور محکمہ تعلیم کے حکام کی جانب سے ان کے ساتھ کئے گئے معاہدے پر عمل درآمد نہیں ہورہا ہے، گزشتہ دنوں اسمبلی اجلاس کے دوران دھرنے کے شرکاء کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ 7یوم کے اندر ان کے تعیناتی کے آرڈز جاری کئے جائیں گے مگر ابھی تک انہیں تعیناتی آرڈز جاری نہیں ہوسکے ہیں اس سلسلے میں انہوں نے جمعہ کو گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی سے ملاقات کی جنہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی ان کے تعیناتی آرڈرز جاری کئے گے تاہم ایسا ہوتا ہوا نظر نہیں آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر 11نومبر تک ان کے ساتھ کئے گئے پر عملد رآمد نہیں ہوا تو 12نومبر کو پریس کانفرنس کے ذریعے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں