ملک بھر میں آٹے کی قیمتیں کم کروانے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد (این این آئی)مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت اجلاس میں ملک بھر میں آٹے کی قیمتیں کم کروانے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا ایک ہفتے میں تیسرا اجلاس ہوا جس میں گندم کی صورتحال اور آئندہ سال پیداوار پر غور کیا گیا ۔اعلامیہ کے مطابق ای سی سی کے گندم کی سپلائی، قیمت میں استحکام اور طلب کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ۔اعلامیہ کے مطابق ملک بھر میں آٹے کی قیمتیں کم کروانے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ،مشیر خزانہ کی سربراہی میں گندم کی ترسیل اور فراہمی کیلئے کوآرڈی نیشن کمیٹی تشکیل او رگندم کی فصل کی کم از کم امدادی قیمت 1650 روپے فی 40 کلوگرام مقرر کر دی گئی ۔ای سی سی نے موجودہ ریلیز پرائس 1475 روپے فی 40 کلوگرام برقرار رکھنے کا بھی فیصلہ کیا ۔اجلاس میں فلور ملز کیلئے روزانہ 38 ہزار میٹرک ٹن گندم جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ،پنجاب کیلئے 25 ہزار، سندھ 8، کے پی 4 اور بلوچستان کیلئے ایک ہزار میٹرک ٹن گندم روزانہ جاری کی جائے گی ۔


