اہداف کے حصول کے لیے کالج اساتذہ کی مشاورت سے استفادہ کیا جارہا ہے، پروفیسر حمید خان

کوئٹہ؛ بلوچستان پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر حمید خان نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ نومنتخب کابینہ اپنے اہداف کے حصول کے لیے شاندار اور منصوبہ بند اقدامات کررہی ہے جس کے لیے کالج اساتذہ کی مشاورت سے بھرپور استفادہ کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ ہماری نظر مسقبل پر ہے اور کم ترین وسائل کے ساتھ درپیش چیلنجوں کے باوجود تمام تر توانائیوں کو بروئے کار لایا جارہا ہے۔ کالج اساتذہ کے منتخب صدر پروفیسر حمید خان نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ ہر استاد اپنے فرائض اور حقوق کے حوالے سے متوازن اور پروقار انداز سے مشترکہ جد و جہد کے لیے پر عزم ہے اور اب کسی بھی قسم کی طالع آزمائی کےحق میں نہیں اور نہ اس طرح کی مہم جوئی کی اجازت دینے کے لیے آمادہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی دفتر سمیت ڈویژن کی سطح پر رابطوں کو تیز کیا جارہا ہے اور تمام معزز پروفسیروں کو تنظیمی عہدیداروں سے اس کے لیے باہمی تعاون کے اصولوں کے تحت آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کالج اساتذہ کے مسائل کا حل اب براہ راست چار سالہ بی ایس پروگرام کے ساتھ انٹرمیڈیٹ سمیت دیگر بنیادی ضرورتوں سے جڑا ہوا ہے اور اس کے لیے مرکزی موجودہ کابینہ پہلے دن ہی سے حکام بالا کے ساتھ زمینی حقائق کے تناظر میں کوشاں ہے جس کے لیے اب تک کی تجاویز اور مطالبات پر خوش اسلوبی کے ساتھ پیش رفت ہوتی نظر آرہی ہے امید ہے کہ صوبے کی تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کے حوالے سے ناگزیر مثبت اقدامات کے لیے سنجیدگی اور خلوص کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ پروفیسر حمید خان نے کالج اساتذہ کو اپنے مسائل کے حل کے لیے مرکزی دفتر سے رابطہ کرنے کی ایک بار پھر تاکید کرتے ہوئے اسے اساتذہ برادری اور تنظیم کی مضبوطی اور وقار کے لیے ضروری قرار دیا ہے۔ درایں اثنا بی پی ایل اے کے منتخب جنرل سیکرٹری پروفیسر طارق بلوچ نے بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے تحریری امتحان میں کامیاب لیکچراروں کے انٹرویوز کو فوری طور پر منعقد کرنے پر ایک بار پھر زور دیا اور اسے بلوچستان کے کالجوں میں اساتذہ کی کمی کے حوالے سے پہلا لازمی قدم قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں