پشاور میں شادی کی تقاریب منعقد کرنے پر 3 دلہے گرفتار
پشاور:کرونا وائرس کے خدشے کے باعث لگائی جانے والی پابندی کے باوجود پشاور میں شادی کی تقاریب منعقد کرنے پر 3 دلہے گرفتار کرلئے گئے۔ضلعی انتظامیہ پشاورنے کارروائی کرتے ہوئے پابندی کے باوجود شادی کی تقاریب منعقد کرنے پر 3 دلہوں کو گرفتار کرلیا، صوبائی حکومت کے احکامات پر کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر (متنی) رضوانہ ڈار نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر کاشف جان کے ہمراہ رنگ روڈ پر پشتخرہ سمیت دیگر علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 3 دلہوں اور کیٹرنگ کی سہولت دینے والے افراد کو بھی گرفتار کرلیا جن کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔اسسٹنٹ کمشنر متنی رضوانہ ڈار نے بتایا کہ گرفتار دلہوں کو پیشگی کہا گیا تھا کہ وہ تقریب منعقد نہ کرے لیکن وارننگ کے باوجود 500 افراد کا مجمع اکٹھا کیا گیا جس پر کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ متنی کے مکین کو روایتی تقریبات کو عوامی فلاح میں منسوخ کرنا ہوگا، بصورت دیگر کارروائی کی جائے گی۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کو روکنے کے لیے شادی بیاہ کی تقاریب منعقد کرنے سے اجتناب کریں بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور دلہے کو جیل بجھوایا جائے گا۔