پاکستان میں کورونا تیسرے فیز میں داخل، شدت میں اضافہ ہوگا،ماہرین
کراچی:پاکستان میں کورونا وائرس کس درجے (کیٹگری)کا ہے ابھی حکومتی سطح پر تعین نہیں کیاجاسکا۔اس وقت ایشیائی ممالک میں ایران کو کورونا سے متاثرین کی فہرست میں سرفہرست دیکھا جارہا ہے جبکہ پاکستان میں کورونا کی کیٹگری 2 یعنی دوسرے درجہ دیا جارہا ہے جبکہ ابھی تک اس بات کا بھی تعین نہیں کیا جاسکا کہ پاکستان میں وائرس سے ہونے والی شرح اموات کا تناسب کتنا ہے اور پاکستان میں کتنی تیزی سے پھیل رہا ہے اور آئندہ وائرس کے پھیلنے کی رفتار کیا ہو گی تاہم پاکستانی عوام اس وائرس کی ممکنہ تباہ کاریوں سے بے خبر ہیں،ماہرین کہتے ہیں کہ پاکستان میں وائرس اب تیسرے فیز (مرحلے) میں داخل ہورہا ہے جس میں وائرس کی شدت میں بھی تیزی آجائے گی۔ماہرین صحت کہتے ہیں کہ اٹلی سمیت دیگر یورپی ممالک میں وائرس سے ہونے والی تباہ کاریوں سے اندازہ لگا سکتے ہیں کہ یورپی ممالک وائرس کی شدید زد میں ہیں جس کی تباہ کاریوں کا رخ اب پاکستان، ایران بھارت سمیت دیگر ایشیائی ممالک میں ہوگیا ہے،یہ بات درست ہے کہ پاکستان بالخصوص کراچی اور اندرون سندھ میں گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران وائرس کی شدت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔کراچی میں وائرس انسانوں سے انسانوں میں منتقل ہونا شروع ہوگیا جو ایک ہولناک صورتحال ہوسکتی ہے، معروف ہیماٹالوجسٹ اور کورونا سے متاثر ہونے والے مریضوں کے علاج کا دعوی کرنے والے ڈاکٹرطاہر شمسی نے ایکسپریس ٹربیون کو بتایا کہ اس وقت پاکستانی ماہرین صحت ڈاکٹروں،فیمیلی فزیشن،پیرامیڈیکل ونرسنگ عملہ ہراہ راست کورونا کے نشانے پر آگیا ہے،ابھی پاکستان میں کورونا وائرس سے شرح اموات 0.5 فیصد سامنے آرہی ہے جبکہ اٹلی میں 10 فیصد،چین میں 2.7 فیصد،جرمنی میں 0.8 فیصد، اسپین میں 4 فیصد سے زائد شرح اموات کا تناسب سامنے آیا ہے۔