بچے ہمارا قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں،،جام کمال

کوئٹہ :وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بچے ہمارا قیمتی اثاثہ اور مستقبل کے معمار ہیں، ہم اپنے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے انہیں ِ ملک کا مفید اور معاشرے کا سودمند شہری بنانے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلی نے کہا ہے کہ یہ دن اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ ہم اپنے مستقبل کے معماروں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اجتماعی ذمہ داری کے ساتھ ایسے اقدامات اٹھائیں تاکہ وہ نہ صرف ملک بلکہ پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواکر ملک کا نام روشن کرسکیں۔ وزیراعلی نے کہا کہ موجودہ حکومت بچوں کو معیاری تعلیم، صحت اور حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، بچوں کو صحت مندانہ ماحول فراہم کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ وزیراعلی نے اس امر پر زور دیا کہ والدین کو بھی اپنے بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی تربیت اور کردار سازی پر خصوصی توجہ دینی چاہئے۔ وزیراعلی نے کہا کہ اسلام بھی ہمارے بچوں کی دیکھ بھال، تحفظ اور ترقی کے مقدس کام کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، ہماری حکومت بچوں کی حفاظت اور ترقی کی ضرورت سے واقف ہے، ہماری پالیسیوں میں بچوں کی فلاح وبہبود سرفہرست ہے۔ اپنے بچوں کو سازگار ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ملک کا مفید شہری بننے کے لئے تمام تر اقدامات اٹھائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں