کوئٹہ، گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی
کوئٹہ:پاکستان یوتھ پیس موومنٹ کے چیئرمین ارباب ناصر حیدرکاسی کی قیادت میں جمعہ کوفرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف مرکزی سیکرٹرٹ سے ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی کوئٹہ پریس کلب پہنچ کرمظاہرے کی شکل اختیار کرگئی۔ مظاہرین نے بینرز اورپلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر فرانس کے خلاف نعرے درج تھے۔مظاہرین سے پاکستان یوتھ پیس موومنٹ کے چیئرمین ارباب ناصر حیدرکاسی،صوبائی صدر ملک نواز کاسی اور جنرل سیکرٹری ڈاکٹر انور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرانس میں سرکاری سرپرستی میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی مسلمان اپنے نبیؐ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتا یورپی ممالک کی جانب سے بار بار گستاخانہ خاکے شائع کرکے مسلمانوں کی دل آزاری کی جارہی ہے جس کااقوام متحدہ اور او آئی سی کو نوٹس لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کی جانب سے سرکاری سطح پر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت دنیا بھر کے امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے مسلمان ممالک اوآئی سی کا اجلاس بلاکر گستاخانہ خاکوں کی اشاعت روکنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔انہوں نے کہا فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت اور سرکاری سطح پر اسکی ترویج ناقابل برداشت ہے، فرانسیسی صدر دنیا کو تیسری عالمی جنگ میں دھکیل رہاہے 52اسلامی ممالک فرانس کا مکمل بائیکاٹ کریں۔انہوں نے کہاکہ فرانسیسی صدر نے مسلمانوں کی غیرت ایمانی کو للکاراہے سرکاری سطح پر توہین رسالت کا ارتکاب کرکے دنیا کو تیسری عالمی جنگ میں دھکیلنے کی کوشش کی ہے مسلمان اپنی جان تو قربان کرسکتاہے مگر اپنے نبی پاکؐ کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کرسکتاہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت پاکستان میں فرانس کے سفیر کوفوری طور پر ملک بدر کرکے اپنے سفیر کو واپس بلائے مظاہرے کے اختتام پر فرانس کے صدر کی تصاویر بھی نذرآتش کی گئیں۔


