چین کو ایسی گھٹیا تصویر شائع کرنے پر سخت شرمندہ ہونا چاہیے
آسٹریلیا کے وزیراعظم سکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ چین کو ایسی ناگوار اور بیہودہ تصویر شائع کرنے پر سخت شرمندہ ہونا چاہیے
آسٹریلیا نے چین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چینی حکومت کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اُس ’جعلی تصویر‘ کو شائع کرنے پر معافی مانگیں جس میں دکھایا گیا ہے کہ ایک آسٹریلوی سپاہی ایک افغان بچے کا قتل کر رہا ہے۔آسٹریلیا کے وزیراعظم سکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ ’چین کو ایسی گھٹیا تصویر شائع کرنے پر سخت شرمندہ ہونا چاہیے۔آسٹریلیا کی جانب سے یہ الزام ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے مابین سخت کشیدگی جاری ہے۔جس تصویر کے بارے میں آسٹریلیا نے احتجاج کیا ہے وہ آسٹریلوی فوجیوں کی جانب سے افغانستان میں مبینہ جنگی جرائم کے مرتکب ہونے کے بارے میں ہے۔
واضح رہے کہ نومبر میں ایک نئی رپورٹ میں کہا گیا کہ ’مصدقہ معلومات‘ کے مطابق 25 آسٹریلوی فوجی سنہ 2009 سے 2013 کے درمیان 39 افغان شہریوں کے قتل میں ملوث ہیں۔آسٹریلین ڈیفنس فورس کی جانب سے کی گئی ان تحقیقات کے شائع ہونے کے بعد بھرپور انداز میں مذمت کی گئی اور اب اس حوالے سے پولیس نے بھی باضابطہ تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔اس تفتیش میں کہا گیا ہے کہ انھیں غیر قانونی طور پر قتل کرنے کے ’مصدقہ شواہد‘ ملے ہیں اور فوج کے ’ایلیٹ یونٹس میں جنگجو کلچر‘ کا ماحول دیکھا گیا ہے۔ان الزامات میں مزید کہا گیا ہے کہ جونئیر فوجیوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی تھی کہ وہ قیدیوں کو گولی مار کر قتل کریں۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان لیجیان ژاؤ نے اپنی ٹویٹ میں کہا تھا: ’میں آسٹریلوی فوجیوں کی جانب سے افغان شہریوں اور قیدیوں کے قتل کرنے پر سکتے میں ہوں۔ ہم سخت الفاظ میں اس کی مذمت کرتے ہیں اور ان کا احتساب کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘
دوسری جانب آسٹریلیا نے ٹوئٹر سے رابطہ کیا ہے کہ وہ اپنے پلیٹ فارم سے اس ٹویٹ کو حذف کریں کیونکہ یہ ’ڈس انفارمیشن‘ یعنی گمراہ کن خبر ہے۔وزیراعظم سکاٹ موریسن نے اس ٹویٹ کو ’نہایت بیہودہ، انتہائی توہین آمیز اور قطعی شرمناک‘ قرار دیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’چینی حکومت کو اس پوسٹ پر شرمندہ ہونا چاہیے۔ یہ دنیا میں ان کی وقعت کو کم کرے گا۔ یہ جھوٹی تصویر ہے اور ہماری فوج کے خلاف ہتک آمیز ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا نے ایک شفاف نظام اپنایا ہے تاکہ وہ ان مبینہ جرائم کے بارے میں تفتیش کر سکیں جو کہ ایک ’جمہوری اور روشن خیال ملک‘ کا خاصہ ہے۔


